لو ٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس لیں گے، محمود خان
مہمند (نمائندہ پاکستان)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے قائد کے شہر کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنایا ہے۔ پیپلز پارٹی نے 35 سالوں میں کراچی جیسے شہر کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ بلاول سلیکٹڈ چیئرمین ہے لیڈر نہیں۔ وہ ابھی بچہ ہے اور سیکھ رہا ہے۔پیپلز پارٹی کو چاہیئے کہ کراچی شہر اور وہاں کے عوام کے متعلق سوچے۔ تھرکے حالات کا سب کو پتہ ہے جس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی قیادت ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ کوئی کچھ بھی کرے چوروں اور ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی۔ ہم مسئلہ کشمیر میں عمران خان کے موقف کے ساتھ ہیں،کشمیر پاکستان کا ہے اور رہے گا۔ مودی سرکار شاید قبائلی پختونوں سے واقف نہیں، جہاد کی نوبت آئی تو قبائلی عوام سے ملکر مقبوضہ کشمیر کوبھی آزادکرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مہمند کے دورے کے دوران مچنئی گرڈ سٹیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، ایم این اے ساجد خان مہمند اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے ضلع مہمند مچنئی میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیا ہے اور کہا ہے کہ گرڈ سٹیشن سے مہمند ماربل انڈسٹریل سٹی کو بلا تعطل بجلی فراہم ہو گی جس سے ماربل کی صنعت کو تیزی سے فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مچنئی گرڈ سٹیشن 467 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جو 52 میگاواٹ بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مہمندماربل انڈسٹریل سٹی قبائلی اضلاع کی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے اہم سنگ میل ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ضلع مہمند کیلئے دو روڈز کی تعمیر کا اعلان کیاہے جن میں تحصیل پنڈیالئی سے تحصیل امبار تک 64 کلومیٹر روڈ تعمیر کیا جائے گا جبکہ دوسرا روڈ تحصیل حلیم زئی سے لیکر تحصیل بیزئی (افغانستان بارڈر تک) تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع مہمند کیلئے 14 نئے گرڈ سٹیشن کا بھی اعلان کیا جبکہ تحصیل خوئیزئی، تحصیل امبار اور تحصیل بیزئی میں گرلز ہائی سکولوں کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل صافی ممد گٹ میں کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا ہے جبکہ غلنئی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تحصیل خوئیزئی، حلیم زئی اور تحصیل بیزئی کیلئے پینے کے صاف پانی کے مسئلے کے حل کیلئے دریائے کابل سے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ ان تحصیلوں میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ جلد ازجلد حل ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے تحصیل صافی میں عوام کو سہولت دینے کیلئے نادرا سنٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ ضلع مہمند میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے سمال ڈیمز کا قیام ممکن بنانے کیلئے خصوصی پیکج کا اجراء کیا جائے گا۔ ضلع مہمند کی ہر تحصیل میں سپورٹس گراؤنڈز کا قیام ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ مہمند ڈیم اور ضلع مہمند کے دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں میں مقامی افرادبھرتی کئے جائیں گے جبکہ ضلع مہمند میں دہشت گردی سے تباہ شدہ گھر وں کو معاوضے کی رقم کی ادائیگی بھی جلد ممکن بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے غلنئی پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا ہے اور عندیہ دیا ہے کہ اگلے مرحلے میں ضلع مہمند کے صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام پر بھی کام کیا جائے گا۔ محمود خان نے ضلع مہمند میں تھری جی فور جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی جلد ازجلد ممکن بنانے کا بھی اعلان کیا ہے اور واضح کیا کہ ضلع مہمندکو مخصوص سیٹ سے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے گی۔جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابق فاٹا کے قبائلی اضلاع اب مکمل طور پر خیبرپختونخوا کا حصہ ہیں، جن کی فلاح و ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ قبائلی اضلاع کی دیر پا ترقی کیلئے صوبائی حکومت نے سمت کا تعین کرلیا ہے اور وہ دن دور نہیں کہ یہ اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گی۔محمود خان نے کہا کہ تمام قبائلی اضلاع سے منسلک تجارتی بارڈرز کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے جس سے صوبے بشمول قبائلی اضلاع میں ترقی ممکن ہو سکے گی اور یہاں کے عوام کو روزگار بھی میسر آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرمقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف کا ایک بار پھر اعادہ کیا او رواضح کیا کہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پوری قوم اس مسئلے میں عمران خان اور فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر حکومت نے جہاد کا فیصلہ کیا تو وہ خود قبائلی عوام کی نمائندگی کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرائیں گے۔ مودی خیبرپختونخو اکے قبائلی عوام کے عزم اور حوصلے سے واقف نہیں۔ قبائل وہی لوگ ہیں جنہوں نے آزاد کشمیر کی آزادی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت بہت جلد اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ میڈیا اور عوام کے سامنے رکھے گی اور اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، جس کااپنا دائرہ اختیار اور قانون ہے۔ مرد ہو یا عورت جس نے بھی کرپشن کی اُسے سزا ضرور ملے گی۔ یہ نیا پاکستان ہے، ہم نے چوروں کو پکڑنا اور اُن سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لیکر عوام پر خرچ کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ جیل میں سب کیلئے ایک جیسی سہولیات ہوں گی غریب اور امیر کا فرق نہیں ہوگا جس نے بھی مال لوٹا،اُس کا احتساب ہو گا۔ اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرلے۔