سازشی عناصر اپنا کام کرتے رہیں،ہم عوامی خدمت جاری رکھیں گے:عثمان بزدار

 سازشی عناصر اپنا کام کرتے رہیں،ہم عوامی خدمت جاری رکھیں گے:عثمان بزدار

  

 لاہور،ساہیوال (جنرل رپورٹر،بیورورپورٹ)  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ساہیوال میں اراکین اسمبلی، تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز، پارٹی عہدیداران، وکلاء، تاجروں اور صنعتکاروں کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ منتخب نمائندوں، پارٹی عہدیداران، وکلاء اور تاجربرادری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداران کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ وکلاء اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہوں۔ فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ منصوبوں کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ساہیوال کو موٹروے سے لنک کریں گے۔ سمندری انٹرچینج سے ساہیوال تک رابطہ سڑک تعمیر کی جائے گی اور اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ساہیوال رنگ روڈ کی جلد تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا اور کہا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ساہیوال کے ہسپتال اور میڈیکل کالج کو اضافی فنڈز دیئے جائیں گے۔ ساہیوال شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ساہیوال میں غیر ملکی تعاون سے شہری سہولتوں کی بہتری کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسووال میں گرلز ڈگری کالج بنائیں گے۔چیچہ وطنی کو موٹروے سے منسلک کرنے کا جائزہ لیں گے۔ساہیوال کے شہریوں کو ان کا حق دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وکلاء اور صحافیوں کیلئے ہر ڈویژن میں کالونی بنائیں گے۔وکلاء میرے بھائی ہیں، ان کے جائز مسائل حل کریں گے۔تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق ادوار کی خرابیاں درست کر رہی ہے۔سابق حکومتوں نے نظام میں اتنا بگاڑ پیدا کیا جس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نظام بدل کر رہیں گے۔سازشی عناصر اپنا کام کرتے رہیں، ہم عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔حکومت 5 سال پورے کرے گی۔منتخب نمائندوں کو ان کا جائز حق ضرور دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں نے رات گئے ساہیوال شہر کا دورہ کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے تسلی بخش انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افسران شہری سہولتوں میں بہتری کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔ اس موقع پر منتخب نمائندوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سب سے ملتے ہیں اور مسائل حل کرتے ہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شانہ بشانہ ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اراکین اسمبلی،تحریک انصاف ساہیوال کے صدر رانا آفتاب،گڈ گورننس کمیٹی کے مقامی صدر مظہر شیراز،صدر ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ فیصل اکرام، صدر ساہیوال بار راجہ جاوید محمود اور دیگر شامل تھے۔ سردار عثمان بزدار نے بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے بند روڈ، وزیر آباد کے نواحی قصبے سوہدرہ، حافظ آباد، کوٹ رادھا کشن اور دیگر علاقوں میں چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بند روڈ پر گودام کی چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سردارعثمان بزدار نے واساز، صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں برساتی نالوں، ڈرین اور واٹرچینلز کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کوموثر اقدامات کیلئے ہائی الرٹ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں کے نشیبی علاقو ں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔متعلقہ محکمے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ واساز اور تمام لوکل گورنمنٹس بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اربن فلڈنگ کے پیشگی سدباب کیلئے درکار آلات، مشینری اور دیگر وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تو سخت ایکشن لوں گا۔عوام کو پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے ایسی صورتحال قطعاً برداشت نہیں۔ سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 96افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب تک92421 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا کے ایکٹو کیس 2020 رہ گئے ہیں۔ پنجاب میں اب تک 926113 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران2 مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے اور پنجاب میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 2195 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9939 ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں 14 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں انسداد کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران بھی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ماسک کی پہننے کی پابندی پر عملدرآمد شہریو ں کے مفاد میں ہے۔کورونا ابھی ختم نہیں ہوا لہٰذا عوام کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی انسداد کورونا پالیسی کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم اور حکومت کے مؤثر اقدامات کے باعث کورونا کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز کمی ہو رہی ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -