نیکی ضائع نہیں جاتی 

نیکی ضائع نہیں جاتی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


آصف کیا بات ہے اتنے مایوس اور ناراض ناراض سے کیوں دکھائی  دے رہے ہو۔ گھر پر سب خیریت ہے نا؟ زاہد نے جیسے ہی اپنی ورکشاپ بند کی اور سامنے تھڑے پر اپنے دوست آصف کو بیٹھے دیکھا تو پوچھے بغیر نہ رہ سکا۔ کیا بتاؤں یار آج پھر میں ناصرہ بیگم کے گھر گیا تھا اپنا حق لینے اور تو جانتا ہے نا کہ میں پچھلے کئی مہینوں سے ان کے گھر کا چکر لگا رہا ہوں تاکہ وہ میری ٹیوشن فیس کے پیسے دے دیں۔انہوں نے میری ایک سال کی ٹیوشن فیس روک رکھی ہے اور ویسے بھی مجھے پتا چلا تھا کہ وہ اپنا نیا گھر تعمیر کروا رہی ہیں اور ان کا بڑا بیٹا باہر جا رہا ہے۔ میں نے سوچا کہ اب تو ان کے گھر کے حالات کافی اچھے لگ رہے ہیں مگر جب میں نے ان سے اپنے پیسوں کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مجھے پیسوں کی اشد ضرورت ہے، میری بہن کی شادی سر پر ہے، تو جانتا ہے کہ آج بھی انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا اور کہہ دیا کہ ابھی میرا ہاتھ تنگ ہے جیسے ہی کوئی بندوبست ہوگا میں تمہیں لوٹا دوں گی۔ میں مایوس ہو کر واپس آ گیا تو خود بتائیں کیا کروں؟ یار آصف جب وہ ایک سال سے تجھ سے فری میں مزدوری لے رہی تھیں تو نے ان بچوں کو ٹیوشن دینا چھوڑ کیوں نہ دی؟ زاہد یار تو نہیں جانتا کہ وہ کس طرح اپنے گھر کے حالات میرے سامنے پیش کرتی تھیں۔ میں ان کے حالات سن کر دکھی ہو جاتا تھا اور یہ سوچ کر اپنا کام جاری  رکھا کہ چلو کوئی بات نہیں اچھا بُرا وقت تو سب پر آتا ہے۔ مگر مجھے کیا معلوم تھا کہ میری نیکی ضائع جائے گی۔ تو پریشان نہ ہو اللہ سب بہتر کرے گا اور جو لوگ کسی کا حق روکتے ہیں اللہ ان کو دیکھ رہا ہے۔ ان لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مزدور کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنے کا کہا ہے۔ اور تو استاد ہے تجھے پتا ہے کہ قرض تو شہیدوں کا بھی معاف نہیں تو صبر اور حوصلے سے کام لے،ہاں میں مانتا ہوں کہ آج کل لوگ اپنے کام پورے کر لیتے ہیں اور جب کسی کا حق دینا ہو تو ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں، تو پریشان نہ ہو آصف میری اگلے مہینے کمیٹی نکلنے والی ہے تم اپنی ضرورت پوری کر لینا اور جب تمہیں سہولت ہو واپس کر دینا۔ نہیں زاہد میں کیسے تمہاری کمیٹی لے سکتا ہوں۔کیا میں جانتا نہیں کہ تمہارے حالات بھی کچھ خاص نہیں۔ کوئی بات نہیں دوست اگر میں اپنے دوست کے کام آ جاؤں تو اس سے زیادہ میرے لئے خوشی کیا ہو گی اور ہاں آئندہ یہ مت کہنا کہ نیکی ضائع ہو جاتی ہے اللہ کسی کی نیکی کو ضائع نہیں کرتا۔ چل میں اب چلتا ہوں تو بھی ریلیکس ہو جا آصف نے زاہد کو گلے لگا لیا اور کہنے لگا کہ میں تیرا شکریہ کس منہ سے ادا کروں جس نے میرا مسئلہ حل کر دیا ہے اور واقعی اللہ اپنے بندوں کی وہاں سے مدد کرتا ہے جہاں سے اسے گمان بھی نہیں ہوتا۔ تمہارا بہت بہت شکریہ میرے دوست بہت بہت شکریہ۔

مزید :

ایڈیشن 1 -