کلین اینڈ گرین پاکستان 

کلین اینڈ گرین پاکستان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


وطنِ عزیز پاکستان ہمارا گھر ہے۔ اسے صاف ستھرا رکھنا ہمارا فرض بنتا ہے۔ جس طرح ہم سب اپنے گھروں کی صفائی ستھرائی کرتے ہیں اس طرح وطن کی بھی کرنی چاہیے۔ اپنے ملک کو صاف ستھرا رکھنے والے  باشندے  ہی مہذب قوم ہو سکتے ہیں۔ ہمارے دین ِاسلام نے صفائی پر بہت زور دیا ہے،یہاں تک کہ صفائی کو آدھا ایمان قرار دیا گیا ہے۔قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: ”بے شک، اللہ پاک صاف رہنے والوں کو پسند کرتا ہے“……
ہم اپنے پیارے نبیﷺ کی زندگی کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ نبیؐ ہمیشہ سادہ عام سا لباس زیب تن کرتے مگر وہ صاف ستھرا ہوتا تھا۔ ہمیں نہ صرف ماحولیاتی صفائی بلکہ روحانی اور باطنی صفائی کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ ہمیں اپنے ملک کو سرسبز رکھنے کے لئے درخت لگانا چاہئیں۔درخت بھی صفائی کا جز وہیں، کیونکہ ان ہی کی بدولت ماحول صاف ستھرا ہوتا ہے۔ سڑکوں کنارے جابجا بینر آویزاں ہوتے ہیں جن پر جلی حروف سے لکھا ہوتا ہے:
”کلین اینڈ گرین پاکستان“
ہمیں اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر اچھے شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔
صفائی کو رکھو ہمیشہ عزیز
اس سے بڑھ کر نہیں کوئی چیز
سیانے کہتے ہیں کہ ”جہاں صفائی وہاں خدائی“ یعنی جس جگہ صفائی ستھرائی ہو گی وہاں پر خدا نظر رکھتا ہے۔ صفائی ہماری صحت کی ضامن ہے۔ صاف ستھرا فرد گندگی، غلاظت اور نجاست سے محفوظ رہتا ہے جس سے وباؤں اور جراثیموں سے بچا رہتا ہے۔
آج سے ہی ہمیں اپنے گھر،گلی، محلے، سکول، مسجد، سڑک وغیرہ کو صاف ستھرا کرنا ہے۔ آج سے ہی وعدہ یہ کرنا ہے،ہر شے کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ اگر جاپان جیسا ملک جہاں ہر فرد صفائی کرنے کو فخر محسوس کرتا ہے تو ہم کیوں نہیں ……!
صفائی کے حوالے سے جاپان بہت مشہور ملک ہے جہاں پر آپ کو تھوڑا سا بھی کوڑا کہیں نظر نہیں آئے گا۔اگر جاپانی اپنے ملک کو صاف ستھرا رکھ سکتے ہیں تو پھر ہم بھی (پاکستانی) رکھ سکتے ہیں۔ 
اے اللہ! ہمیں صفائی ستھرائی رکھنے کی توفیق دینا تاکہ ہم تیرے حکم کی پیروی کر سکیں۔آمین

مزید :

ایڈیشن 1 -