حضرت امام حسینؓ نے قربانی دین کی حفاظت اور حرمت کیلئے دی‘ ذیشان گورمانی
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)سابق ممبر صوبائی اسمبلی محمد ذیشان گورمانی نے کہا کہ یوم عاشورہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا (بقیہ نمبر10صفحہ6پر)
ہے جو نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے دین کی حفاظت و حرمت کے لیے معرکہ کربلا میں پیش کی، واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، استقامت حق کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کا دِن ہمیں نواسہ رسولؐ اور جگر گوشہ بتولؓ کے عظیم افکار و اعمال کی یاد دلاتا ہے، حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے حضرت امام حسین ؓ نے اپنی لازوال قربانی سے یہ ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا ہے ثابت قدمی اور استقامت کی یہی مثال ہمارے لیے مشعل راہ ہے،محمد ذیشان گورمانی نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے حالات کو دیکھتے ہوئے آج ہمیں متحد و منظم ہونے اور ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے تاکہ جہاں ہم دشمنان ملک و ملت کے ناپاک عزائم کو شکست دے سکیں وہاں ملک و قوم کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھانے میں ثابت قدم رہ سکیں، یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔
ذیشان گورمانی