ق لیگ نے بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پرکرنے کی تجویز دے دی

ق لیگ نے بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پرکرنے کی تجویز دے دی

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میری تجویزہے کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں، ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، ساری سیاسی جماعتیں اس میں اپنا اپنا امیدوار کھڑا کریں اور ایسی روایت پیدا کریں تاکہ الیکشن منصفانہ ہوں اور ظاہر بھی ہوں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر مختلف مسلم لیگی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔چودھری شجاعت نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا کوڈ آف کنڈکٹ بنائے کہ کوئی بھی ذاتی طور پر الیکشن پر اثر انداز نہ ہو اور ایسا الیکشن ہو جس کو عوام بھی تسلیم کریں اگر ایسا کلچر فروغ پا جائے تو اگلے آنے والے جنرل الیکشن میں آسانی ہو گی۔علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الذھبی نے اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے۔دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے جسے ہمارے تاریخی، ثقافتی، ادبی، معاشی و اقتصادی تعلقات نے چار چاند لگا رکھے ہیں۔

چودھری برادران

مزید :

صفحہ آخر -