ایس سی او کی جانب سے  تصویری مقابلہ کا آغاز

ایس سی او کی جانب سے  تصویری مقابلہ کا آغاز

  

   راولپنڈی (پ ر)سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او)، جو کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت  بلتستان میں ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والاصف اول کا ادارہ ہے، ایک بار پھر فوٹوگرافی کے مقابلہ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے تاکہ ماہر اور ہونہار شرکاء فوٹو گرافی کے ذریعے اپنے احساسات و جذبات اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ مقابلہ میں ایسی تصاویر شامل کی جائیں گی جو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت  بلتستان کے فطری ماحول میں قدرتی مناظر اور جنگلی حیات بشمول نباتات و حیوانات کی عکاسی کرتی ہوں۔ یہ مقابلہ ایس سی او کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری پر مبنی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے جس کا آغاز گذشتہ سال کامیابی سے کیا گیا تھا۔ اس سلسلے کی پہلی نمائش کا انعقاد دسمبر 2019میں پی این سی اے اسلام آباد میں کیا گیا تھا جس میں ”میری زمین، میرے لوگ“ کے عنوان کے تحت شرکاء کی 100منتخب تصاویر نمائش کیلئے رکھی گئی تھیں۔رواں سال 2020 کے مقابلہ فوٹو گرافی کیلئے ”آزاد جموں و کشمیر اور گلگت  بلتستان کے مسحور کن قدرتی ماحول میں جنگلی نباتات اور جنگلی حیات“ کا عنوان تجویز کیا گیا ہے جو کہ ایس سی او کے بنیادی تھیم ”میری زمین، میرے لوگ“  کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت  بلتستان کے حسین خطے میں موجود جنگلی پھولوں، نباتات، اشجار، کیڑوں، جانوروں اور دیگر جنگلی حیات کی عکس بندی کی جائے گی۔ تصویرڈی ایس ایل آر کیمرہ کے ذریعے کم از کم بیس میگا پکسل کی ہائی ریزولوشن ہونا ضروری ہے۔ فوٹوگرافی کے مقابلہ میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت  بلتستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے تمام افراد شریک ہو سکتے ہیں جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، گروپ Aمیں یونیورسٹیوں کے طلباء اورگروپ B  اور  C  میں بالترتیب کالجوں اور سکولوں کے طلباء شامل ہوں گے جبکہ گروپ D میں بلا لحاظ عمر عام افراد کی جانب سے عکاسی کے نمونے شامل کیے جائیں گے۔ تمام شرکاء فلمبند کی گئی تصاویر اپنے کوائف بشمول نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس، ادارے کا نام اور گروپ کا نام، کے ہمراہ photography2020@sco.gov.pk   پر ارسال کریں گے۔ ہر فرد زیادہ سے زیادہ تین تصاویر بھیج سکتا ہے۔ فو ٹو گرافس جمع کرانے کی آخری تاریخ 25ستمبر2020ہے شرکاء کو ایس سی او کے وضع کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی صرف شارٹ لسٹ ہونے والی تصاویر کو مقابلہ میں شامل کیا جائے گا۔ جیتنے والوں شرکاء کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔

نظص

مزید :

صفحہ آخر -