معروف شاکر اکمل لیونی پشتوزبان اور ادب کا قیمتی سرمایہ ہے، سینیٹر ذیشان
مردان(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ذیشان خانزادہ خان نے کہا ہے کہ معروف پشتو شاعر اکمل لیونی پشتو زبان اور ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیراطلاعات شبلی فراز نے ان کی مالی معاونت کا وعدہ کاہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ذیشان خانزادہ نے کہا کہ شاعر اکمل لیونی اپنی کتابیں فروخت کرنے کی بجائے پشاور لائبریری کو دے دیں تا کہ یہ سرمایہ ضائع ہونے کی بجائے محفوظ ہوجائے اور آنے والی نسلوں تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے ان کی مالی امداد کا وعدہ کیاہے جس سے ان کے مسائل حل ہوجائیں گے۔یاد رہے کہ مردان سے تعلق رکھنے والے اکمل لیونی پشتو زبان کے معروف شاعر ہیں اور ان کی دس سے زائد شاعری کی کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔گزشتہ دنوں انہوں نے کہا تھا کہ وہ مالی حالات کی خرابی کی وجہ سے اپنا تمام تر کلام فروخت کرنا چاہتے ہیں۔اس پر سینیٹر ذیشان خانزادہ نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنا کلام کسی کو فروخت کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ پشتو زبان کا قیمتی سرمایہ ہیں اوران کے مالی مسائل سرکاری وسائل سے حل کردئیے جائیں گے۔وہ اپنی کتابیں پشاور یونیورسٹی کی لائبریری کو عطیہ کر دیں تا کہ ان کا کلام محفوظ ہوجائے اور آنے والی نسلیں اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔