کورونا وائرس نے آئی پی ایل کو بھی لپیٹ میں لے لیا، چنائی سپر کنگز کے سریش رائنا بھی ٹورنامنٹ سے دستبردار، غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات میں شیڈول انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے منسلک 11 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ سریش رائنا نے بھی فیملی ایشوز کو جواز بنا کر گھر کی راہ لے لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چنائی سپرکنگز سے منسلک 10 افراد کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جن میں ایک فاسٹ باﺅلر بھی شامل ہے جس نے حال ہی میں بھارت کی نیشنل کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ مذکورہ رپورٹس آنے کے بعد چنائی سپر کنگز کے سکواڈ کی قرنطینہ مدت بھی یکم ستمبر تک بڑھا دی گئی ہے جبکہ آئی پی ایل کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرائط پر بتایا کہ حال ہی میں بھارتی نیشنل کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے دائیں بازو کے درمیانے درجے کے تیز باؤلر سمیت کم از کم 10 افراد کے کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، جہاں تک ہم جانتے ہیں ، فرنچائز مینجمنٹ کے ایک اعلیٰ ترین عہدیدار، ان کی اہلیہ اور ان کی سوشل میڈیا ٹیم کے کم از کم دو ارکان بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں۔“
دوسری جانب اس سارے معاملے کے بعد غیرملکی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا کیونکہ کورونا کیسز مثبت ہونے کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ چنائی سپر کنگز ہی کے اہم کھلاڑی اور سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے بھی یہ رپورٹس آنے کے بعد فیملی ایشوز کو جواز بناکر گھر کی راہ لے لی ہے۔
چنائی سپرکنگز کے منتظمین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سریش رائنا آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی عدم موجودگی ٹیم کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، ہم اس مشکل وقت میں سریش رائنا اور ان کی فیملی کے ساتھ ہیں، دھونی کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے رائنا چنائی سپرکنگز کے ٹاپ سکورر ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطاق ایک روز پہلے چنائی سپرکنگز ٹیم کے ایک فاسٹ باﺅلر کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا جس کے بعد سریش رائنا نے واپس بھارت جانے کا فیصلہ کیا، اب تک رپورٹ ہونے والے 11 کورونا پازیٹو کیسز میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں اور سٹاف کا تعلق چنائی سپرکنگز سے ہی ہے۔