اسرائیل سے متحدہ عرب امارت کے لیے پہلی پرواز کا شیڈول جاری ،کونسے اسرائیلی حکام کی ابو ظہبی آمد متوقع ہے؟عرب دنیا سے بڑی خبر آگئی
ابو ظہبی(ڈیلی پاکستان آن لائن )اسرائیل سے متحدہ عرب امارات کے لیے پہلی پرواز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیل کے بین گورین ائیرپورٹ کی جانب سے فلائٹس کے آن لائن شیڈول میں اسرائیل سے متحدہ عرب امارات کے لیے پہلی پرواز کی روانگی پیر کے روز بتائی گئی ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان پہلی کمرشل فلائٹ ہوگی۔ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ تل ابیب سے ابو ظہبی کے درمیان یہ فلائٹ ایک اسرائیلی وفد کو لے کر روانہ ہوگی جس میں امریکی حکام بھی شامل ہوں گے، یہ وفد یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بحال کرنے کے حالیہ معاہدے کو پائیدار بنانے پر بات چیت کرے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ائیرپورٹس اتھارٹی کی ویب سائٹ پر پرواز کا شیڈول جمعہ کے روز جاری کیا گیا ہے جس کے تحت پرواز کی واپس روانگی منگل کے روز ہوگی۔عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے اب تک اس پرواز کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔