پاکستانی لڑکے نے جا پان میں خطرناک کھیل میں مقبولیت حاصل کرلی
ٹوکیو(ڈیلی پاکستان آن لائن)جاپان میں مقیم پاکستانی نژاد عقیل بخاری جاپان میں کک باکسنگ جیسے جارحانہ کھیل میں تیزی سے مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔اٹھائیس سالہ عقیل بخاری جاپان میں مقیم معروف پاکستانی کاروباری شخصیت حسن بخاری کے صاحبزادے ہیں عقیل بخاری کی والدہ جاپانی شہری ہیں تاہم چھ فٹ سے زائد قد و قامت والے عقیل بخاری جاپان میں قومی سطح کے تین اہم ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنا اور اپنے والدین کا نام روشن کررہے ہیں بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔عقیل بخاری کے والد حسن بخاری کا تعلق پاکستان کے پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ سے ہے۔عقیل بخاری کے والد حسن بخاری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عقیل بخاری کو کک باکسنگ میں جانے کے لیے کبھی نہیں کہا تھا لیکن گھر میں میری اور میرے والد کی پہلوانی کی تصاویروں نے ضرور اسے پہلوانی کی جانب مائل کیا ہوگا۔حسن بخاری کے مطابق عقیل بخاری رنگ میں جتنا طاقتور اور جارح مزاج نظر آتا ہے عام زندگی میں اتنا ہی ملنسار اور فرمانبردار بیٹا ہے، وہ خوش ہیں کہ وہ جاپان میں پاکستان کی نیک نامی کا سبب بن رہا ہے تاہم وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں وہ اپنے خاندانی کاروبار پر زیادہ توجہ دے۔حسن بخاری کے مطابق عقیل بخاری کے مقابلے جاپان کی ٹی وی پر بھی ٹیلی کاسٹ ہوتے رہتے ہیں۔