پاکستان نے ’ٹک ٹاک‘ سے بڑا مطالبہ کر دیا

پاکستان نے ’ٹک ٹاک‘ سے بڑا مطالبہ کر دیا
پاکستان نے ’ٹک ٹاک‘ سے بڑا مطالبہ کر دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے معروف ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ مواد کی مانیٹرنگ کے نظام کو سخت بنائے۔ 

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کی ٹک ٹاک کی سینئرمینجمنٹ سے آن لائن میٹنگ ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستانی صارفین کیلئے ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ٹک ٹاک پاکستان میں صارفین کیلئے غیر اخلاقی مواد روکے، غیراخلاقی مواد سے خدشات بڑھ رہے ہیں، ٹک ٹاک انتظامیہ موادکی مانیٹرنگ کے نظام کوسخت بنائے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ غیرقانونی موادپاکستان میں نہ دیکھاجاسکے۔

اس سے قبل پی ٹی اے نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے بھی کہا تھا کہ وہ پاکستان میں غیر اخلاقی مواد اور نفرت انگیز تقاریر پر مبنی مواد کو فوری طور پر ہٹا ئے۔ یاد رہے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن نے سوشل میڈیا کمپنیز کو نازیبا اخلاق سے متعلق نوٹسز جاری کئے گئے تھے، دونوں کمپنیز کو نوٹس میں نازیبا مواد ہٹانے کی یاد دہانی کرائی گئی تھی۔

بعد ازاں عوام کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو وارننگ جاری کی تھی، پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اور بیگو لائیو پر نازیبا اور غیراخلاقی مواد کی شکایتیں تھیں، نازیبا اور غیراخلاقی مواد سے معاشرے اور نوجوانوں پر منفی اثرات پڑرہے تھے۔ ٹک ٹاک نے پی ٹی اے کے نوٹس پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ قانون کی پاسداری کرنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے تاکہ صارفین کو مثبت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔

مزید :

سائنس اور ٹیکنالوجی -