دلشان ون ڈے میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے چھٹے سری لنکن بلے باز

دلشان ون ڈے میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے چھٹے سری لنکن بلے باز

ابو ظہبی (اے پی پی) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر تلکارتنے دلشان نے ون ڈے کرکٹ میں کیریئر کے 8 ہزار رنز مکمل کر لئے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے سری لنکن بلے باز بن گئے ہیں۔ سری لنکا کی طرف سے ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سنتھ جے سوریا کو حاصل ہے۔ انہوں نے 441 میچوں میں 13364 رنز بنائے۔ تلکارتنے دلشان نے 1999ءمیں ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا، عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کی بدولت انہوں نے عالمی شہرت حاصل کی اور اس وقت دنیائے کرکٹ میں ان کا شمار خطرناک بلے بازوں میں کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پانچویں ایک روزہ میچ میں تلکارتنے دلشان جب میدان میں اترے تو انہیں 8 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے مزید 31 رنز کی ضرورت تھی، انہوں نے 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر 8 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ 37 سالہ دلشان 275 ون ڈے میچز میں 8014 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 17 شاندار سنچریاں اور 34 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی