اکثریت پاکستانیوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کی حمایت کردی
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستانیوں کی اکثریت نے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے شیئرز کی نجکاری کے فیصلے کی حمایت کردی ، 62فیصد نے کہا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرپڑے گا ، گیلانی ریسرچ فاﺅنڈیشن کی طرف سے پی آئی اے کے 26 فیصد حصص کی نجکاری کے حکومتی فیصلے پر کرائے گئے ملک گیر سروے کے دوران عوام کی بھاری اکثریت نے پی آئی اے شیئرز کی نجکاری کی حمایت کی ۔ سروے کے دوران چاروں صوبوں کی دیہی اور شہری آبادی کے 2619 مرد اور خواتین سے اس پر رائے لی گئی ۔ سروے کے دوران سوال کیا گیا کہ کیا وہ پی آئی اے کے شیئرز کی نجکاری کے حکومتی فیصلے کی کس حد تک حمایت یا مخالفت کرتے ہیں؟ تو اس کے جواب میں 29 فیصد نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ حکومت کے پی آئی اے مسائل حل کرنے اور ملکی خزانے پر دباﺅ کم کرنے کےلئے 26 فیصد شیئرز کی نجکاری کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، 41 فیصد نے کسی حد تک اس فیصلے کی حمایت کی جبکہ 13 فیصد نے کسی حد تک مخالفت ، 13 فیصد کی طرف سے بھرپور مخالفت اور 4 فیصدکی طرف سے کسی رائے کا اظہا رنہیں کیا گیا ۔ سروے میں مجموعی طور پر 70 فیصد نے پی آئی اے کے شیئرز کی نجکاری کی حمایت کی ۔ سروے کے دوران مرد وخواتین سے پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں اس فےصلے سے ملکی معیشت پر منفی یا مثبت اثرپڑے گاتو اس کے جواب میں 62 فیصد نے کہا کہ فیصلے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے جبکہ 33 فیصد کے خیال میں یہ فیصلہ ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کریگا جبکہ 4 فیصد نے کسی رائے کا اظہار نہ کیا۔