مضبوط، مستحکم ، جمہوریت نواز ترکی فلسطین اور عالم اسلام کیلئے اثاثہ ہے ، خالد مشعل
قونیا (این این آئی) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ مضبوط، مستحکم اور جمہوریت نواز ترکی نہ صرف بیت المقدس اور فلسطین کیلئے ایک اثاثہ ہے بلکہ مسلم دنیا کی مشترکہ قوت ہے۔ انہوں نے یہ بات ترکی کے شہر قونیا میں منعقدہ حکمران جماعت انصاف و ترقی (آق) کے پانچویں سالانہ کنونشن سے خطاب کے دوران کہی ۔ کنونشن میں ترک وزیراعظم احمد داؤد اوگلو سمیت ملک کی اہم شخصیات موجود تھیں۔ خالد مشعل نے جسٹس پارٹی کی قیادت میں تیزی کیساتھ ترقی کرتے ترکی کے عوام کو عوام دوست رہنماؤں کی قیادت حاصل ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس پارٹی نے ترکی کو نہ صرف اندرونی طور پر مستحکم کیا ہے بلکہ جماعت کی قیادت نے ترکی کا عالمی سطح پر بھی قد کاٹھ اونچا کیا۔ خالد مشعل نے کہا کہ سال ہا سال تک فلسطین اور بیت المقدس ترک خلافت کا حصہ رہا۔ فلسطینیوں کیلئے یہ بات قابل فخر ہے۔ میں ترک قوم کو اور پوری مسلم اور عرب دنیا کو یہ خوشخبری دیتا ہوں کہ ترکی کے تعاون سے ہم جلد بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کو آزاد کرالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی حکمراں جماعت کی طرف سے ہمیں خصوصی دعوت پر بلایا جانا بھی ہمارے لئے باعث عزت وشرف ہے۔ پہلے میں نے استنبول میں ایک کانفرنس میں شرکت کی اور آج قونیا میں ہوں، وہ وقت بھی دور نہیں جب ہم سب مسجد اقصیٰ میں ایسی ہی کانفرنس کریں گے۔ دوسری جانب ترک وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے خالد مشعل کی کنونشن میں شرکت پران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے نزدیک قونیا اور بیت المقدس دونوں ہی مقدس اور ارفع ترین مقامات ہیں۔