اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت شرمندہ ہوں ‘جیکی چن

اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت شرمندہ ہوں ‘جیکی چن

ہانگ کانگ سٹی (آئی این پی) ایکشن فلموں کے بے تاج بادشاہ جیکی چن کے بیٹے جیسی چن منشیات کے کیس میں گرفتار ہوگئے ہیں لیکن جیکی چن نے نہ صرف یہ کہا ہے کہ وہ بیٹے کے کردار پر بہت شرمندہ ہیں بلکہ یہ بھی واضح کردیا ہے کہ وہ اپنی حیثیت اور اثر و رسوخ کو اس کی مدد کیلئے ہرگز استعمال نہیں کریں گے۔ مقامی میڈیا میں ایسی خبریں سامنے آرہی تھیں کہ جیکی چن کے بیٹے کو کوئی کیسے ہاتھ لگاسکتا ہے لیکن مشہور سٹار نے خود ہی ان خبروں کا اختتام کردیا اور سب پرواضح کردیا کہ اگرچہ سارا چین ان سے محبت کرتا ہے لیکن وہ قانون کا احترام کرتے ہیں اور بیٹے کی کوئی مدد نہیں کریں گے۔ بتیس سالہ جیسی چن کو نشہ آور مرکب میروآنا استعمال کرنے پر گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضہ سے 100 گرام مزید میروآنا برآمد ہوا۔اس سے پہلے جیکی چن اپنے بیٹے کی شرمناک حرکت پر عوام سے معذرت بھی کرچکے ہیں۔ وہ چین میں منشیات کے خاتمے کیلئے عملی طور پر کوششیں کرتے رہے ہیں اور چائنا نیشنل اینٹی ڈرگ کمیٹی کے خیر سگالی سفیر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

مزید : کلچر