پاک سر زمین پر کسی کو مسلح لشکر تشکیل دینے کی اجازت نہیں دی جائیگی ،عابد شیر علی

پاک سر زمین پر کسی کو مسلح لشکر تشکیل دینے کی اجازت نہیں دی جائیگی ،عابد شیر ...

                                            اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ امن اور ترقی کا راستہ ہی پاکستان کی کامیابی کا راستہ ہے،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میںنیا سال 2015 پاکستان کے امن،ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے ان حالات میں فوجی عدالتوں کا قیام ضر وری ہے جو ملک و قوم کیلئے بہتر ہے ۔ اپنے ایک بیا ن میں انہوں نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے کیونکہ 10,10 سال سے زیر سماعت مقدمات کے فیصلے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور بہت بڑا اور قومی سانحہ ہے۔ پوری سیاسی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ملکی سرزمین پر کسی کو بھی مسلح گروپ اور لشکر تشکیل دینے کی اجازت نہیں دیں گے، صرف پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ ہی یہ فیصلہ کرے گی کہ ملک میں کس قسم کا نظام رائج کیا جائے، پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو سفاک درندوں نے بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جو دنیا کی تاریخ میں دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔ سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو اتفاق رائے سے منظور کیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم اقدام ہے ۔ وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز کئے بغیر سب کے خلاف یکساں موثر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے اور اقدامات کرنا پڑتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج قومی قیادت ایک پیج پر آ چکی ہے ۔

مزید : علاقائی