میرا دور خوشحال تھا، افتخار چودھری کی معطلی کے فیصلے پر افسوس ہوا ،پرویز مشرف

میرا دور خوشحال تھا، افتخار چودھری کی معطلی کے فیصلے پر افسوس ہوا ،پرویز ...

                    اسلام آباد(آن لائن) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میرا دور خوشحال تھا‘ افتخار چوہدری کی معطلی پر افسوس ہوا تھا‘ بھارتی وزیراعظم مودی کی تقریب حلف برداری میں نواز شریف کا بھاگم بھاگ جانا پسند نہیں آیا‘ فن اور فنکاروں کو اپنے دور میں سپورٹ کیا۔ ایک انٹرویو میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کی معطلی کا بہت افسوس ہوا کیونکہ اس وقت وکلاءکے علاوہ عوام بھی میرے خلاف ہوگئے تھے اس وقت عمران خان بھی افتخار چوہدری کے سپورٹر تھے۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ میں پریشان بالکل نہیں ہوتا، میرا پریشان ہونا اتنا آسان نہیں بلکہ بالکل بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستان میں سرمایہ کاری عروج پر تھی۔ 2006ءمیں ہم دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی تیسری معیشت تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سید ہیں اور انہیں اللہ کی ذات پر یقین ہے۔ وہ نماز اور روزے پر بھی یقین رکھتے ہیں۔ مذہب اللہ اور بندے کے درمیان آپس کا معاملہ ہے۔ ریاست کا کوئی حق نہیں کہ خدا اور بندے کے درمیان تعلق میں مداخلت کرے جبکہ مذہب و ریاست کو علیحدہ کرنا لازم اور اس کا احترام واجب ہے۔

مزید : صفحہ اول