اسلام اور نظریہ پاکستان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،حافظ عبدالکریم
لاہور(سٹاف رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ و رکن قومی اسمبلی حافظ عبدالکریم نے کہاہے کہ اسلام اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا، نظام تعلیم کو سیکولر بنانے کی سازشوں کے خلاف ملک گیرسطح پر بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔اگرچہ مہنگائی،بے روزگاری ، لاقانونیت ، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے گھمبیر مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،مگر حکومت مہنگائی کے خلاف کمربستہ ہو گئی ہے اب ملک میں خوشحالی اور عام آدمی کی زندگی میں آسودگی آ نے کے روشن امکانات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی دفتر106راوی روڈ میں علماءکے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کے لئے اسلام کا نظام عدل نافذ کرنا ہوگا،اداروں کا آپس میں تصادم ملک وقوم کے لئے سنگین خطرہ ہے،پاکستان کسی بھی قسم کے غیر آئین اقدامات کا متحمل نہیں ہوسکتا،ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ترقی کےپہیےکو جام کر کے کون سے عوامی مفاد کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بعض بیرونی ایجنڈے کے حامل سیاستدان ذاتی مفادات کے لیے وطن عزیز کوبد امنی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ذاتی مفادات کے لیے غریب عوام کو بھلی کا بکرا نہ بنائیں۔