انارکلی بازار کے پلازہ میں آتشزدگی، بچے اور خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق، امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا کر پلازہ کلیئر کردیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف انارکلی بازار کے ایک پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ کئی افراد پلازہ میں پھنس گئے جنہیں امدادی ٹیموں نے آگے بجھانے کے بعد پلازے سے ریسکیو کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق انار کلی اور اردو بازار سے ملحقہ الکریم واچ مارکیٹ کے خالد پلازا کی ایک دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے جنہیں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے بتایا کہ واقعے میں متاثر ہونے والے10 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 9 جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ ایک شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے، تین افراد کی لاشیں ڈیڈ ہاﺅس پہنچائی گئی ہیں۔ ایم ایس ڈاکٹر امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیشتر افراد جھلسنے جبکہ کچھ افراد دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ جاں بحق افراد میں ایک بچہ اور خاتون بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ولید، شیراز، نعمان خان، ثناءاللہ ، عتیق الرحمان، حاجی اقبال، محمد اعظم اور اعظم علی شامل ہیں۔
ڈی سی او لاہور ڈاکٹر عثمان کا کہنا تھا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جبکہ عمارت کے پچھلی طرف کوئی راستہ نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا کر کولنگ کا عمل شروع کیا جس کے بعد اندر پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں اب تک 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا پہلا اجلاس کل طلب
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کاموں کو تیز کرنے اور فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج معالج کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی انارکلی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ یاد رہے گزشتہ تین دنوں میں کسی عمارت میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے پہلے ہفتے کی رات کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگی تھی جس میں بہت مالی نقصان ہوا تھا۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آگ لگنے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے کے خلاف انجمن تاجران تنظیم سمیت دیگر تنظیموں نے کل یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔