بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کررہی ہے: مسعود نقی

بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کررہی ہے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اے پی پی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر مسعود نقی نے کہا ہے کہ بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی کاروباری سرگرمیوں پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں گذشتہ طویل عرصے سے بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی میں انتظامیہ مسلسل ناکام ثابت ہورہی ہے، سڑکوں کی شکستہ صورت حال، صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کے باعث شہریوں کو روزمرہ مسائل کا سامنا ہے۔
وہیں اس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ مسعود نقی نے کہا کہ ایک مدت سے تاجر و صنعت کار برادری ذمہ دار اداروں اور افراد کو یہ بات باور کروانے کے لیے کوشاں ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے امن و امان اور ہموار کاروباری ماحول کے ساتھ ساتھ شہر کے انتظامی مسائل کا حل ہونا بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعت کار برادری نے شہر کی تزئین کاری سمیت کراچی کے امیج کو بہتر انداز میں پیش کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور آئندہ بھی پوری تندہی سے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کورنگی صنعتی علاقے میں تزئین کاری کے کئی منصوبے کاٹی اور اس سے منسلک صنعتوں نے خود بھی مکمل کیے ہیں اور کئی منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مسعود نقی کا مزید کہنا تھا کہ کرچی میں بد انتظامی کے باعث شہریوں کی روز مرہ زندگی کے ساتھ ساتھ صنعتوں میں کام کرنے والی ورک فورس بھی براہ راست متاثر ہورہی ہے جس کا بلواسطہ اثر صنعتوں کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۔ انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے کاروباری حب کراچی میں شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اور جلد نتیجہ خیز ثابت ہونے والی حکمت عملی وضع کی جائے۔

مزید :

کامرس -