بھارت میں ٹرین حادثہ،پانچ افرادہلاک،15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

بھارت میں ٹرین حادثہ،پانچ افرادہلاک،15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کانپور (این این آئی)بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں کانپور کے دیہی علاقے کے رورا سٹیشن کے نزدیک ایک حادثے میں ایکسپریس ٹرین کی 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس میں پانچ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق کانپور کے آئی جی ذکی احمد نے بھی بتایا کہ اس حادثے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ 26 زخمی ہیں۔ایک دوسرے اہلکار مہیش کمار نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد تقریباً 50 ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔انڈیا کی وزارت ریلوے نے تصدیق کی کہ ٹرین نمبر 12987 سیالدہ۔اجمیر ایکسپریس کے ڈبے کانپور سے 50 کلومیٹر دور رورا اور میتھا کے درمیان صبح 5 بج کر 20 منٹ پر پٹری سے اتر گئے ۔الہ آباد ڈیویڑن کے سی پی آر او وجیندر کمار نے بتایا کہ 15 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں جن میں 13 سلیپر اور دو جنرل ڈبے ہیں۔ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے لکھا کہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج دستیاب کرایا جا رہا ہے اور سینیئر افسران حادثے کی جگہ پہنچ گئے ہیں۔سریش پربھو نے لکھا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تفصیلی جانچ کی جائے گی اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔جبکہ رورا ریلوے سٹیشن کے سٹیشن ماسٹر مہیش کمار نے بات چیت میں کہا کہ حادثہ سٹیشن کے نزدیک ہوا ہے۔مہیش کمار نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس حادثے میں 50 سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔گذشتہ ماہ ہی کانپور کے قریب ایک بڑا ریل حادثہ ہوا جس میں تقریباً ڈیڑھ سو افراد کی موت ہو گئی تھی۔ یہ حادثہ پٹنہ۔اندور ایکسپریس کی 14 بوگیوں کے پٹری سے اترنے کے سبب ہوا تھا۔

مزید :

عالمی منظر -