مودی بے نامی جائیداد کی آڑ میں عوام کی ’’چڈی اور بنیان‘‘نہ اتاریں: شیو سینا

مودی بے نامی جائیداد کی آڑ میں عوام کی ’’چڈی اور بنیان‘‘نہ اتاریں: شیو سینا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ممبئی( آن لائن)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ابھی اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقید اور الزامات کی بھرمار سے ہی سنبھل نہ پائے تھے کہ اب ان کی اپنی اہم اتحادی جماعت شیو سینا نے بھی ’’دھوبی پٹکا ‘‘ لگا دیا ہے ، شیو سینا نے مودی پر الفاظ کی ’’سنگ باری‘‘ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم ملک میں پھیلی بے نامی جائیدادوں کو بے نقاب کرنے اور کرپشن کے خاتمے کے نام پر عوام کی ’’چڈی اور بنیان ‘‘ نہ اتاریں۔بھارتی نجی چینل’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق بھارتی جنتا پارٹی کی اہم انتہا پسند ہندو اتحادی جماعت شیو سینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے نوٹ بندی کے بعد بے نامی جائیدادوں پر نشانہ لگایا ہے ،یہ قابل ستائش اقدام ہے تو نوٹوں کی بندش کی طرح بے نامی جائیداد کی آڑ میں غریب اور متوسط طبقے کو کچلا نہیں جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد سیاستدانوں، تاجروں، غیر مقیم ہندوستانیوں اور مافیا نے پہلے ہی اپنا کالا دھن جائیدادوں میں لگا رکھا ہے، لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ نوٹ بندی کے بعد عام آدمی پر بے ایمان ہونے کا لیبل چسپاں کر دیا گیا ہے۔اودھو ٹھاکرے نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے بیرون ملک بینکوں میں رکھی ہندوستانیوں کی ناجائز کمائی کو واپس لانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ابھی تک ایک روپیہ بھی واپس نہیں لایا گیا اور نہ ہی کالا دھن رکھنے والوں کو ایک پیسے کا بھی نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں نے نوٹ بندی کی چوٹ برداشت کی اور اب بھی تکلیف جھیل رہے ہیں، نوٹوں کی بندش کے بعد عوام کی تکلیف بڑھ گئی ہیں ، لیکن کالا دھن رکھنے والا ایک بھی شخص یا صنعتکار جیل میں نہیں ڈالا گیا۔ادوھو ٹھاکرے نے مودی حکومت سے اس بات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا کہ بے نامی جائیداد کے خلاف ممکنہ کارروائی میں عوام کو نوٹ بندی جیسی تکلیف نہ ہو اور نہ ہی عوام کو کپڑے اتار کر سڑکوں پر پھینک دیا جائے۔

مزید :

علاقائی -