موٹرسائیکل ایمبولینس سروس شروع کرنے کا منصوبہ

موٹرسائیکل ایمبولینس سروس شروع کرنے کا منصوبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کے 9ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ تنگ گلیوں اور رش میں بھی موثر اور بروقت ایمرجنسی ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے لیے 800پیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتی کا عمل جاری ہے ۔ موٹر سائیکل ایمبولینس سروس لاہور، راولپنڈی ، ملتان، فیصل آباد ، بہاولپور ، گوجرانوالہ ، ڈیرہ غازی خاں، سرگودھا اور ساہیوال میں شروع کی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ یہ صحت مند ، میڈیکل فٹ اور پیرا میڈیکل ڈپلومہ کے حامل افراد (جو کہ موٹر سائیکل کا لائسنس رکھتے ہوں) کیلئے نوکری کا ایک سنہری موقع ہے اس موٹر سائیکل ایمبولینس سروس سے ریسکیو1122کے آپریشنز کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہو گا اور پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ٹریفک جام کے دوران اور خصوصاً تنگ علاقوں میں بروقت ایمرجنسی ریسپانس میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے 800ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنزجن میں سے 300 لاہور، 100راولپنڈی، 100ملتان، 50 گوجرانوالہ، 50فیصل آباد، 50بہاولپور ، 50ڈی جی خان اور 50ساہیوال کیلئے بھرتی کیے جا رہے ہیں۔جس کا اشتہار قومی اخبارات میں شائع کر دیا گیا ہے۔ بھرتی میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار ریسکیو1122اور نیشنل ٹیسٹنگ ویب سائٹ کے ذریعے فارم پرُ کر کے 8 جنوری ، 2017تک جمع کروا سکتے ہیں۔ جن کا تحریری اور نفسیاتی ٹیسٹ 14جنوری، 2017کو 9بجے ویب سائٹس پر دیئے گئے مقامات پر لیا جائے گا جبکہ فزیکل ، ڈرائیونگ اور سکلز ٹیسٹ 15اور 16جنوری، 2017 کو لیے جائیں گے۔ کامیاب امیداواروں کے نتائج اور انٹر ویو کاشیڈول 21جنوری، 2017 کو ویب سائٹس پر دیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -