پانچویں خیبرپختونخوا بیڈمنٹن چیمپئن شپ جیت کر حمزہ ابراہیم صوبے کی سب سے کم عمر چیمپئن بن گئے

پانچویں خیبرپختونخوا بیڈمنٹن چیمپئن شپ جیت کر حمزہ ابراہیم صوبے کی سب سے کم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (آئی این پی )پانچویں خیبرپختونخوا بیڈمنٹن چیمپئن شپ پشاور کے حمزہ ابراہیم نے جیت کر صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے کم عمر چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ فائنل میں بنوں کے شعیب ریاض کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد دو ایک سے شکست دیدی ، خواتین کے انفرادی مقابلوں میں صوابی کی عارفہ نے مسلسل چوتھی مرتبہ اپنی بہن اقصیٰ کو ہر ا کر ٹرافی اپنے نام کی جبکہ ، مینز ڈبل میں پولیس کے مسعود اور طاہر نے اعزاز حاصل کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسلامیہ لاء کالج عرفان شنواری نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ، چیئر مین صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن عمران شاہد، صدرصوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن ظفر علی خان ، ڈائریکٹر پی ایس بی ممتاز خان ، سیکرٹری بیڈمنٹن ایسوسی ایشن امجد خان ، آرگنائزنگ سیکرٹری میاں صداقت شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید ثقلین شاہ ، پرنسپل اسلامیہ لاء کالج بختیار سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ڈسٹرکٹ و صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے زیرنگرانی اور اسلامیہ لاء کالج کے تعاون سے پانچویں خیبرپختونخوا میل وفمیل بیڈمنٹن چیمپئن شپ پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئی چیمپئن شپ کے میل سنگل فائنل میں پشاور کے نیشنل جونیئر چیمپئن حمزہ ابراہیم نے بنوں کے صوبائی چیمپئن شعیب ریاض کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد 21۔19,18۔21 اور 21۔17 سے شکست دیکر خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے کم عمر چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔خواتین کے انفرادی مقابلوں میں صوابی کی عارفہ نے اپنی ہی بہن اقصیٰ کو 21۔17,19۔21 اور21۔16 سے ہرا کر مسلسل چوتھی مرتبہ فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اسی طرح منز ڈبل میں پولیس کے طاہر اور مسعود نے پشاور کے ندیم کوہاٹ کے طاہر پر مشتمل جوڑی کو 25۔23۔19۔21 اور18۔21 سے شکست دی ، خواتین کے ڈبل میں صوابی کی عارفہ اور اقصیٰ نے ایبٹ آباد کی عالیہ اور گل رخ کو 21۔19 اور21۔16 سے ہرایا جبکہ مکس ڈبل میں مراد اور عارفہ نے مسعود اور اقصیٰ کو 21۔15 اور21۔19 سے ہراکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ صوابی سے تعلق رکھنے والی عارفہ حسن نے چیمپئن شپ میں تین گولڈ میڈلز جیت کر منفرد اعزاز حاصل کیا۔جنہوں نے سنگل ،ویمنز ڈبل اور مکس ڈبل میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔چیمپئن شپ میں صوبہ بھر سے 17 ڈسٹرکٹ سے سو سے زائد میل وفمیل کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور کیش انعامات تقسیم کئے۔

مزید :

پشاور -