پاکستان جوتے تیار کرنے والا دنیا کا 8واں بڑ املک 

پاکستان جوتے تیار کرنے والا دنیا کا 8واں بڑ املک 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان جوتے تیار کرنے والا دنیا کا 8 واں بڑا ملک ہے۔ یہ صنعت 10 لاکھ سے زیادہ افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہے تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے اور جوتوں کی ملکی برآمدات کا حجم 150 ملین ڈالر سے کم ہے۔ پاکستان فٹ ویئرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) کے چیئرمین محمد یونس نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کے لئے شعبہ کو حکومتی معاونت کی ضرورت ہے اور بین الاقوامی ضروریات کے پیش نظر مصنوعات کی تیاری کے لئے جوتے تیار کرنے والی ہر قسم کی مشینری، ٹیکنالوجیز اور سافٹ ویئرز وغیرہ کی ڈیوٹی فری درآمدات کی منظوری دی جائے  اور جوتا سازی کی صنعت کی کارکردگی اور برآمدات بڑھانے کے حوالے سے مشینری وغیرہ کی درآمدات ہر عائد درآمدی ڈیوٹیز، سیلز ٹیکس سمیت دیگر مختلف ٹیکسز سے استثنیٰ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جوتے تیار کرنے والا دنیا کا آٹھواں بڑاملک ہے جبکہ شعبہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد کے روزگار کا بھی سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے عدم استفادہ اور عالمی مارکیٹ کے رجحانات سے ناواقفیت کی وجہ سے جوتے تیار کرنے والی ملکی صنعت خاطر خواہ برآمدات نہیں کر پا رہی اس لئے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ استعداد سے کہیں کم ہے اور صرف 150 ملین ڈالر کی برآمدات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوتے تیار کرنے والی ملکی صنعت کے لئے مراعات اور ٹیکسز میں چھوٹ سے نہ صرف برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ اس سے روزگار کے مزید لاکھوں مواقع پیدا ہونے سے بے روزگاری کی شرح کو بھی کم کیا جا سکے گا۔نومبر 2019ء کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 4.86فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اداہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق نومبر2019ء میں برآمدات کا حجم  45.81 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ نومبر2018ء کے دوران 43.68ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح نومبر2018ء کے مقابلہ میں نومبر2019ء کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 2.13ملین ڈالر یعنی 4.86فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید :

کامرس -