مرغبانی کا فروغ معاشی کفالت کیلئے احسن اقدام ہے‘ ڈاکٹر شہوار انور 

مرغبانی کا فروغ معاشی کفالت کیلئے احسن اقدام ہے‘ ڈاکٹر شہوار انور 

  



پشاور(اے پی پی)وزیراعظم پاکستان کی لائیو سٹاک کے شعبہ میں ہنگامی اصلاحات کے نفاذ کے پروگرام کے تحت ضلع کوہاٹ میں گھریلو مرغبانی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک دفتر میں ایک مرغیاں تقسیم تقریب کا انعقاد کیا گیا‘اس موقع پر صوبائی پولٹری پراجیکٹ انچارج ڈاکٹر افتاب احمد، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک کوہاٹ ڈاکٹر شہوار انور،ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ہنگو ڈاکٹر محمد سہیل،فوکل پرسن پولٹری پراجیکٹ کوہاٹ ڈاکٹر آصف جنید،ویٹرنری افیسر ڈاکٹر عبدالباسط بھی موجود تھے۔

 ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک کوہاٹ ڈاکٹر شہوار انور نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے لائیوسٹاک شعبہ میں ہنگامی اصلاحات کے نفاد کا اعلان کیا ہے جس کے تحت لائیو سٹاک،مال مویشی ماہی گیری اور آبی شعبوں میں قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کرکے نچلی سطح پر اس کے ثمرات کو منتقل کرنے کا کام تیزی سے شروع کر دیا گیا ان منصوبوں میں سے ایک منصوبہ دیہی مرغبانی کا فروغ ہے جو کہ غربت کے خاتمے کی طرف ایک اہم اور احسن اقدام ہے اس پروگرام سے ضلع کوہاٹ میں کئی ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ دیسی مرغیاں ایک گھرانے کر 5  مرغیاں اور ایک مرغ کی فراہمی کے لئے 1050روپے جمع کرانا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ لحمیات ہماری خوراک کا اہم حصہ ہیں جوجسمانی نشوونماکے لئے بہت ضروری ہے ہمارے ملک میں لحمیات کی شدید کمی ہے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے پیش نظر لحمیات کی پیداوارمیں تیزی سے اضافہ کرنا وقت کی ضرورت ہے مرغیاں چھوٹے پیمانے پر گھروں میں آسانی سے پالی جا سکتی ہیں انڈے اور مرغی کا گوشت لحمیات کو بہترین ذریعہ ہے گھریلو مرغ بانی کے ذریعہ روزمرہ کے استعمال کے لئے انڈے آسانی سے پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر شہوار انور نے کہا کہ مرغیوں کی دیکھ بھال کے لئے اچھی خوراک دینے سے ہی انڈوں کی پیداوار میں صلاحیت زیادہ پیدا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ دیسی مرغی پورے سال میں 150سے لے کر200انڈے دیتی ہے انھوں نے کہا کہ مہلک امراض سے بچاو کے لئے حفاظتی ٹیکہ جات لگانا ضروری ہے تاکہ مہلک امراض سے بچایا جاسکے۔

مزید : کامرس