علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد 3جنوری کو رکھا جائے گا

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد 3جنوری کو رکھا جائے گا

  



اسلام آباد (اے پی پی) فیصل آباد  انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے زیر اہتمام علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد 3 جنوری 2020ء کو  رکھا  جائے گا۔ جدید ترین انڈسٹریل سٹی سی پیک کے تحت  خصوصی اقتصادی زون کے میگا ترجیحی منصوبے  کے تحت قائم کیا جا رہا ہے جو غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری اور  معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔  فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت بہترین معاشی پالیسیاں بنارہی ہے اور ملک میں معاشی نمو پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے باعث ملکی معیشت کے بارے میں عالمی برادری میں مثبت تاثر پایا جاتا ہے جس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔  فیڈمک کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف منصوبوں میں تقریباً 357 ارب روپے کی بیرونی اور مقامی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو سرمایہ کاروں کے موجودہ حکومت پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 4 ہزار ایکڑ رقبے پر موٹر وے ایم 4 پر ساہیاں والا انٹرچینج، فیصل آباد کے قریب قائم کیا جا رہا ہے۔ اس کے مین بلیوارڈ، داخلی گیٹ اور باؤنڈری وال کو چھ ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں مختلف انواع کے نئے صنعتی یونٹ تعمیر کیے جائیں گے اور شہر کے مختلف گنجان علاقوں میں پہلے سے کام کرنے والے صنعتی یونٹس کو بھی اس نئے انڈسٹریل اسٹیٹ کی تکمیل کے بعد یہاں منتقل کردیا جائے گا۔ میاں کاشف نے کہا کہ فیڈمک کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں روزگار کے 2.5 لاکھ مواقع پیدا ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ  مقامی نوجوانوں کو مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے لئے فیڈمک متعلقہ شعبوں میں مختصر مدت کے تربیتی کورسز کا انعقاد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری موجودہ دور کا ایک بڑا چیلنج ہے اور عالمی بینک کے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق تقریبا 6 6 فیصد پاکستانی بے روزگار ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے پہلے ہی تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اس انڈسٹریل سٹی میں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بروقت تکمیل کیلئے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد عشرت علی نے بھی وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور صوبائی محکموں کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لئے اپنے دفتر میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامر سلیمی کو اس میگا پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے فیسکو، ایس این جی پی ایل اور ڈپٹی کمشنر سمیت تمام صوبائی اور وفاقی محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کیلئے خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ 

مزید : کامرس


loading...