تاجر برادری کی انجم نثارکو وفاقی چیمبر الیکشن جیتنے پر مبارکباد

    تاجر برادری کی انجم نثارکو وفاقی چیمبر الیکشن جیتنے پر مبارکباد

  



لاہور(این این آئی) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے میاں انجم نثار کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملک کی معاشی بحالی کے لیے کام کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ میاں انجم نثار نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بے مثال کامیابی حاصل کرکے کاروباری شعبے کی تاریخ بدل دی ہے، اس قدر بھاری اکثریت سے کامیابی تاجر برادری کی ان کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا میاں انجم نثار اور ان کی ٹیم کے سر ہے جنہوں نے شب و روز محنت کی۔ انہو ں نے کہا کہ کاروباری شعبے کو زیادہ پیداواری لاگت، عالمی منڈی میں دیگر ممالک سے سخت مقابلہ، یوٹیلٹی کی زیادہ قیمتیں اور تجارتی خسارہ سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے، توقع ہے کہ بطور صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں انجم نثار کاروباری برادری کو درپیش یہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔ علاوہ ازیں لاہور چیمبر کے ممبران پر مشتمل پروگریسو گروپ، پاکستان ایف ایم سی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن اور دوسرے صنعتکار اور تاجر حضرات نے بھی بزنس مین گروپ کی ایف پی سی سی آئی اے کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ بزنس مین گروپ کے جیت کے بعد ایف پی سی سی آئی چھوٹے اور بڑے تاجروں کی ایک حقیقی نمائندہ تنظیم کے طور پر ابھرے گی۔پروگریسو گروپ کے صدر خالد عثمان، نائب صدر محمد ارشدچوہدری,عاصم شیخ، عبدالودودعلوی اور ڈپٹی سیکرٹری محمد اعجاز تنویر نے کہا کہ میاں انجم نثار پانچ سال سے تندہی سے ایف پی سی سی آئی میں ایک مخصوص گروپ کے تسلط کے خلاف برسر پیکار تھے۔ اس برس ووٹرز نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان لوگوں کو مسترد کردیا جو صرف اپنی سیاست چمکا رہے تھے اور ان کا تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے دور دور تک واسطہ نہیں تھا۔دریں اثناء پاکستان ایف ایم سی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن(پی ایف آئی اے) کیسنیئر وائس چیئرمین نفیس الرحمن باڑی، علی مٹو، شیخ خالد شیخ واجد و دیگر رہنماوؤں نے بھی بزنس مین گروپ کی قیادت کو ایف پی سی سی آئی میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انجم نثار کی قیادت میں وفاقی چیمبر بھی اسی طرح بزنس کیمونٹی کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرے گا جس طرح پیاف نے لاہور چیمبر کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کا نمائندہ بنایا۔

مزید : کامرس