ٹرانشن ٹینکو الیکٹرونکس 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی

  ٹرانشن ٹینکو الیکٹرونکس 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی

  



اسلام آباد۔ 28 دسمبر (اے پی پی) "میک ان پاکستان" پالیسی کے تحت اندرون ملک سمارٹ فون تیار کرنے والے پاکستان اور چین کے پہلے مشترکہ منصوبہ ٹرانشن ٹینکو الیکٹرونکس پاکستان (ٹی ٹی ای) 2020-23ء کے دوران 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، سمارٹ فونز کی تیاری کے لئے لوکل ویلیو ایڈیشن کی شرح 49 فیصد تک بڑھ جائے گی اور مدر بورڈز بھی مقامی طور پر ہی تیار کئے جائیں گے۔ ٹی ٹی ای کے حکام نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان کے نظریے کے فروغ سے سمارٹ فونز کی اندرون ملک تیاری کے ذریعے روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹی ٹی ای سالانہ 9 لاکھ تھری اور فور جی سمارٹ فونز تیار کر سکتی ہے جبکہ آئندہ چار سال کے دوران پیداوار کو 90 لاکھ یونٹس تک بڑھایا جائے گا۔

 اس وقت کمپنی اپنی پیداواری استعداد کے 40 فیصد پیداوار حاصل کر رہی ہے جس کے لئے 350 ہنر مند افراد کام کر رہے ہیں جبکہ 2020-23ء کے دوران ہنر مند افرادی قوت کی تعداد 3500 تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی خواتین کارکنوں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہے اور خواتین کارکنوں کی موجودہ شرح 40 فیصد ہے جس کو 60 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔ ٹی ٹی ای کے حکام نے مزید کہا کہ اس وقت کمپنی درآمد شدہ مدر بورڈ اور 15 فیصد لوکل ویلیو ایڈیشن سے استفادہ کررہی ہے جبکہ آئندہ چار سال کے دوران لوکل ویلیو ایڈیشن کی شرح کو 49 فیصد تک بڑھانے کے ساتھ ساتھ مدر بورڈ کی اندرون ملک ہی تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کمپنی اپنی پیداوار کے ذریعے زرمبادلہ کی 10 فیصد بچت کررہی ہے جس کو 30 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میک ان پاکستان پالیسی سے ٹیلی کام کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

مزید : کامرس


loading...