”نیا پاکستان منزلیں آسان“پروگرام دیہی معیشت کیلئے گیم چیلنجر ثابت ہوگا:عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہر ضلع کے دیہات میں دیہی کارپٹڈ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں،”نیا پاکستان منزلیں آسان“پروگرام دیہی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں چنوں میں رابط سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پل رپھڑوالی تا 9/R تقریبا 9 کلو میٹر سڑک 11 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی جائے گی اوراس سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اگلے برس کے دوران اس منصوبے کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے دیہی علاقوں کی ہزاروں کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہو گی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے میاں چنوں میں صوبائی وزراء سید حسین جہانیاں گردیزی،ملک نعمان لنگڑیال،تحریک انصاف کے عہدیدارو کا رکن،وکلاء اورمعززین سے ملاقاتیں کیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں خانیوال جیسے شہروں کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا۔خانیوال میرا اپنا ضلع ہے،لوگوں کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں۔ہر پسماندہ شہر کے عوام کی قسمت بدلنا میرا مشن ہے۔خانیوال ضلع کے 102ترقیاتی منصوبے 18ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں چنو ں شہر کے داخلی اورخارجی راستوں کی بیوٹیفکیشن کی جائے گی،ضلع خانیوال میں سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے منصوبے سوا13ارب روپے کی لاگت سے مکمل کریں گے جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ضلع خانیوال کے صحافیوں کو بھی صحت انصاف کارڈسکیم میں شامل کیا جائے گا۔خانیوال کے طلبہ کیلئے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کی بس سروس شروع کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فورٹ عباس میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
سردار عثمان بزدار