کراچی،6 روز بعد کھلنے والے سی این جی اسٹیشن پھر بند، گیس کا شدید بحران
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد سمیت صوبے بھر میں گیس کا شدید بحران ختم ہونے میں نہیں آ رہا، گیس پریشر میں کمی کے باعث 6 روز بعد کھلنے والے سی این جی اسٹیشن پھر بند ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں 6 دن بعد کھلنے والے سی این جی اسٹیشنز 8 گھنٹے بعد ہی بند ہو گئے، اس دوران کسی کو سی این جی ملی تو کوئی صرف ہاتھ ملتا رہ گیا، خیال رہے کہ سی این جی اسٹیشنز گزشتہ رات سے صرف 8 گھنٹے کے لیے کھولے گئے تھے۔فیول اسٹیشنز پر رات بھر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں، کئی گاڑی والوں کو طویل انتظار کے بعد بھی سی این جی نہ ملی، کراچی کے رہایشی علاقوں میں گیس پریشر بدستور کم ہونے سے گھروں میں کھانا پکانا بھی دشوار ہو گیا، پنجاب میں بھی گیس کا بحران برقرار ہے۔سی این جی اسٹیشنز مالکان کا کہنا تھا کہ گیس پریشر نہیں ہے جس کے باعث اسٹیشنز بند کر رہے ہیں۔ دوسری طرف سخت سردی میں بھی سی این جی اسٹیشنز پر رات بھر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں، رش کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد گاڑیوں میں فیولنگ نہ کرا سکی۔