افغانستان میں دہشتگردی روکنے کیلئے دنیا کی افواج ناکام،ہم سے سیکھیں:گورنر پنجاب

افغانستان میں دہشتگردی روکنے کیلئے دنیا کی افواج ناکام،ہم سے سیکھیں:گورنر ...

  



لاہور (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ مغربی ممالک دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے پاکستان سے سیکھیں، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی قوم نے مثالی قربانیاں دے کر دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام 129ویں جلسۂ عطائے اسناد سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاء کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والے یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر فیبیو میسیموکاسٹالڈو، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمداختر، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، کنٹرولر امتحانات رؤف نواز، ایڈیشنل کنٹرولر راجا شاہد جاوید، ڈینز، فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلباؤ طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم سے زیادہ قربانیاں کسی نے نہیں دیں، افغانستان میں دنیا کی تمام سپر پاورزکو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستان نے ملک میں دہشت گردی پر قابو پایا۔ انڈیا مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔ مودی کے شہریت بل نے بھارت کو کشمیر میں بدل دیا  ہے،اس کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کو قائد اعظم کے ویژن کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یونیورسٹیوں سے ایڈہاک ازم کا خاتمہ کیا اور 20وائس چانسلر زکومیرٹ پر تعینات کر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کومتحرک کیا،حکومت یونیورسٹیوں میں سیاسی مداخلت کی ہرگزاجازت نہیں دے گی، عالمی رینکنگ میں 250تا300اداروں میں پنجاب یونیورسٹی کے تین مضامین کا آنا قابل ستائش ہے، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں 243سکالرز کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں جاری کرنا پنجاب یونیورسٹی کی تاریخی کامیابی، خاموش انقلاب ہے۔بعد ازا ں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فیبیو میسیموکو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری اور معزز مہمانوں کو سوونئیرز پیش کئے۔ پنجاب یونیورسٹی کے129ویں جلسہ عطائے اسنادمیں پی ایچ ڈی کے243،ایم ایس /ایم فل کے101، ایم اے/ایم ایس سی کے63اور بی ایس کے 74طلباؤ طالبات کو ڈگریاں جبکہ ایم ایس /ایم فل کے127، ایم اے /ایم ایس سی کے98اور انڈر گرایجوئٹس کے 84طلباؤ طالبات کو میڈلز دیئے گئے۔ تقریب میں کل 1149ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے۔

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ آخر