ہلمند، طالبان نے سرنگ کھود کر ملٹی بیس کو دھماکے سے اڑا دیا،10فوجی ہلاک
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)افغانستان کے صوبے ہلمند میں طالبان نے ملٹری بیس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 10 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق طالبان نے ملٹری بیس کے نیچے پہلے ایک سرنگ کھودی اور پھر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے سے پہلے اس سرنگ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔افغان میڈیا کے مطابق ملٹری بیس میں 18 فوجی موجود تھے ان میں سے 10 ہلاک ہقو گئے جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے۔ صوبائی پولیس ترجمان نے بھی دھماکے کی تصدیق کی۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے ملٹری بیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملہ افغان طالبان نے کیا۔علاوہ ازیں افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے غزنی میں طالبان کی ایک جیل میں سے آٹھ قیدی فرار ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہاکہ طالبان کے قید خانے سے فرار ہونے والے افراد سکیورٹی فورسز کے اہلکار ہیں۔ افغان فورسز کے یہ اہلکار فرار ہونے کے بعد ایک فوجی اڈے پر پہنچ گئے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ان اہلکار کو طالبان نے کتنے عرصے تک قید میں رکھا تھا۔
طالبان حملہ