ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، شدید دھند کے باعث مواصلاتی نظام درہم بر ہم

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، شدید دھند کے باعث مواصلاتی نظام درہم بر ہم

  



اسلام آباد،راولپنڈی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ تین دن سے دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے جو اتوار تک رہے گا۔ ہفتے کی صبح شہر کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 15 تک جا سکتا ہے۔پنجاب کے میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سرگودھا، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سے شدید دھند پڑنے کی اطلاعات ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک، صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان میں دھند پڑ سکتی ہے، موسم خشک اور شدید سرد ر ہے گا۔سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی 12، گوپس منفی11، بگروٹ منفی 9، گلگت، ہنزہ منفی 7، قلات منفی 6، کالام منفی 5 اور پاراچنار میں منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت شدید متاثر رہی،،اندورن و بیرون ملک آنے والی پروازوں کوپشاور اور لاہور بھجوایا جاتا رہا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق نیو اسلام آباد ائیرپورٹ جدید لینڈنگ سسٹم نہ ہونے کے باعث صرف بڑے جہازوں کے لئے کارآمد ہے۔ شدید دھند کے باعث مسافر ٹرینیں غیر معمولی تاخیر کا شکار رہیں۔لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی قراقرم ایکسپریس ساڑھے پانچ گھنٹے،لاہور سے کراچی جانے والی پاک بزنس ایکسپریس ساڑھے سات گھنٹے،لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ جبکہ فیصل آباد سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس تین گھنٹے 40منٹ تاخیر کاشکاررہی۔ اسی طرح دوسرے شہروں سے لاہور آنے والی  مسافر ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔

موسم

مزید : صفحہ اول


loading...