پاکستانی ویزا کے خواہشمند افغان باشندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

پاکستانی ویزا کے خواہشمند افغان باشندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی
پاکستانی ویزا کے خواہشمند افغان باشندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

  



کابل(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی ویزا کے خواہشمند افغان باشندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی۔کابل میں پاکستانی سفارتخانےنے  ویزہ سروس بحال کردیں۔ویزا سروس پاکستانی سفارتی حکام کو ہراساں کئے جانے کے بعد معطل کی گئی تھی۔

ویزہ سروس نومبر میں بند کی گئی تھی۔دوسری جانب پشاور میں بھی افغانستان نے اپنا قونصل خانہ کھول دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ برائے کابل کے ٹویٹر اکاونٹ پر بتایا گیا ہے کہ ’سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے انتہائی مسرت کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ قونصل خانہ اتوار سے اپنی تمام خدمات کو مکمل طور پر بحال کررہا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چار نومبر کو کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے ویزا سیکشن کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ فیصلہ اسلام آباد کی طرف سے کابل میں تعینات پاکستانی سفارتی عملے کو کابل میں مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعات کے بعد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں علاج و معالجے کیلئے پاکستان آنے والے افغان شہریوں کو سفارت خانے نے ویزا اجرا کا عمل شروع کر دیا تھا۔ تاہم ایک بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا جو کاروبار یا تعلیم کے لیے پاکستان آنے کے خواہاں تھے۔پاکستان کے کابل میں واقع سفارت خانے کے ویزا سیکشن کو مکمل طور پر فعال کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پشاور میں واقع افغان قونصل خانہ دو ماہ سے زائد عرصہ بند رہنے کے جمعے کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

یہ قونصل خانہ پشاور میں واقع ایک مارکیٹ کی ملکیت کے تنازع کی وجہ سے رواں سال اکتوبر میں بند کر دیا گیا تھا۔

وائس آف امریکا کے مطابق کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ویزا سیکشن مکمل فعال کرنے کا اقدام اسلام آباد اور کابل میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے رابطوں کے بعد سامنے آیا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق یومیہ دو ہزار افغان شہری ویزے کے حصول کے کابل میں پاکستان کے سفارت خانے سے رجوع کرتے ہیں جن میں زیادہ تر افراد علاج، کاروبار اور تعلیم کی غرض سے پاکستان آتے ہیں۔

مزید : قومی