’بہت کنجوس ہے رے تو‘ تنگ آکر چور مالک مکان کے نام چٹھی چھوڑ کر چلا گیا

’بہت کنجوس ہے رے تو‘ تنگ آکر چور مالک مکان کے نام چٹھی چھوڑ کر چلا گیا
’بہت کنجوس ہے رے تو‘ تنگ آکر چور مالک مکان کے نام چٹھی چھوڑ کر چلا گیا

  



نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک چور چوری کی نیت سے گھر میں گھسا اور جب اسے کچھ نہ ملا تو خالی ہاتھ لوٹنے سے پہلے مالک مکان کے نام ایک خط لے کر وہاں چھوڑ گیا، جس میں اس نے ایسی بات لکھی کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے شہر اندور میں پیش آیا ہے جہاں ایک چور پرویش سونی نامی شخص کے گھر بڑی مشقت سے کھڑکی توڑ کر گھسا اور تمام رات دیواروں سے سر ٹکراتا رہا کہ گھر کے اندر چوری کرنے کے لیے کچھ تھا ہی نہیں۔ پرویش گورنمنٹ انجینئر تھا اور شاید چور سوچ کر آیا تھا کہ اس کے گھر میں کافی مال ہو گا۔

جب چور کو کچھ نہ ملا تو وہ غصے میں آ گیا اور جانے سے پہلے پرویش کے نام ایک خط لکھ کر وہاں چھوڑ دیا۔ خط میں اس نے لکھا کہ ”بہت کنجوس ہے رے تو، کھڑکی توڑنے کی محنت بھی نہیں ملی۔ رات خراب ہو گئی میری۔“ٹائمز آف انڈیا کے مطابق واقعے کی رات پرویش سونی گھر پر موجود نہیں تھا۔ اگلی صبح اس کے ملازموں نے یہ خط دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے آ کر گھر کا معائنہ کیا تو تمام الماریاں کھلی ہوئی تھی اور ہر چیز اتھل پتھل تھی۔ ہر کمرے میں کپڑے اور دیگر سامان بکھرا پڑا تھا۔ تاہم کوئی بھی چیز غائب نہیں ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق چور نے پرویش کی ڈائری سے ہی ورق پھاڑ کر اس پر خط لکھا اور کافی ٹیبل پر رکھ کر چلا گیا۔پولیس نے خط ہینڈرائٹنگ کے ماہر کے پاس بھجوا دیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چور کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس