وزیر اعلی سردار عثمان بزدارکا ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ، پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے ملاقات

وزیر اعلی سردار عثمان بزدارکا ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ، پناہ گاہ ...
وزیر اعلی سردار عثمان بزدارکا ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ، پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے ملاقات

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ کیا،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان،رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا،سیکرٹری اطلاعات اور ڈپٹی کمشنر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  نےٹھوکر نیاز بیگ  میں قائم پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے ملاقات کی  اورپناہ گاہ میں قیام کرنے والےلوگوں میں گھل مل گئے،وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام کے لئے آئے افراد سے اُن کے پاس جاکر فرداً فرداً ہاتھ ملایا ،وزیراعلیٰ پناہ گاہ میں قیام پذیر لوگوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے،وزیراعلیٰ نے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کررات کا کھانا بھی کھایا اور بریانی اور زردے کے معیار کی تعریف کی ،وزیراعلیٰ نے قیام کرنے والے لوگوں سے اُن کے مسائل بھی پوچھے-وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور لوگوں کےمسائل کےحل کےلئےمتعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ کے کچن کا بھی دورہ کیا اور  پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ پناہ گاہ میں مقیم لوگوں نے وزیر اعلی سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں سے مطمئن ہیں۔اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے شہری نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پناہ گاہ میں بہت اچھا انتظام ہے،بزرگ شہری نے وزیراعلیٰ سے کہاکہ آپ سے دوسری بار ملاقات ہو رہی ہے،آپ عام لوگوں کا درد رکھتے ہیں۔وزیر اعلی نے پناہ گاہ کے مختلف کمروں کا بھی معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پناہ گاہ جیسے فلاحی منصوبے تحریک انصاف کی حکومت کا منفرد اقدام ہے،جن لوگوں کے پاس رات سونے کی جگہ نہیں، ان کیلئے پناہ گاہیں آغوش کا کام کرتی ہیں ،اب تک لاکھوں لوگ پناہ گاہوں میں قیام کر چکے ہیں ,بے سہارا لوگوں کو ایسی سہولت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے,پناہ گاہ جیسے فلاحی پروگرام کو پورے پنجاب میں پھیلا رہے ہیں اور ہسپتالوں میں بھی پناہ گاہیں تعمیر ہورہی ہیں,غریب اوربے سہارا افراد کی خدمت ہی ہماری سیاست کا محور ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت دی ہے او ریہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے بھی صلہ رحمی کا حکم دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سڑکو ں پر سونے وا لے افراد کو شدیدسردی سے بچانے کیلئے مزید پناہ گاہیں بنائی جائیں گی.

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور