وہاڑی (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما تہمینہ دولتانہ نے ایم این اے کی نشست کے لئے کاغذات جمع کرائے لیکن قیادت نے ان کا نام مخصوص نشستوں میں شامل کردیا۔
"آج نیوز" کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )کی قیادت تہمینہ دولتانہ کے ساتھ ہاتھ کر گئی ہے، سینیئر سیاستدان تہمینہ دولتانہ نے ایم این اے کی نشست پر کاغذ جمع کروائے، اور انہوں نے پارٹی سے بھی ایم این اے کی نشست مانگی، تاہم پارٹی نے ان کا نام پنجاب کی مخصوص نشستوں میں شامل کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تہمینہ دولتانہ نے پنجاب کی مخصوص نشست پر اپنے کاغذات جمع نہیں کروائے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں (ن )لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مریم نوازاور تہمینہ دولتانہ کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے قیادت تہمینہ دولتانہ سے خائف ہے۔
دوسری جانب آج مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مریم نواز کے شاہدرہ میں ناکام جلسے کی گونج سنائی دی۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے غزالی سلیم بٹ کی کلاس لے لی، اور کہا کہ آپ کو علم تھا کہ مریم نواز جلسہ کرنے جا رہی ہیں، آپ کارکنان کو لے کر کیوں نہیں پہنچے۔
شہبازشریف نے کہا کہ لاپرواہی آپ کرتے ہیں اور بھگتنا قیادت کو پڑتا ہے، ایسے موقع پر قیادت کے معاملے پر آپسی لڑائی ختم کر دیا کریں۔ذرائع نے بتایا کہ غزالی سلیم بٹ نے بات کرنے کی کوشش تو شہبازشریف نے انہیں چپ کروادیا۔