بھارت ہوش کے ناخن لے کشمیریوں پر ظلم بند کرے:سردار مسعود خان

بھارت ہوش کے ناخن لے کشمیریوں پر ظلم بند کرے:سردار مسعود خان

  



اسلام آباد(این این آئی) آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے واقعات میں صرف بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کو ہی نہیں بے نقاب کیا بلکہ بھارت کی جعلی جمہوریت کی قلعی بھی کھول دی ہے اور یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان کا سیاسی نظام بھارت سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ دہلی ہائی کورٹ کے جج مرلی دہر جس نے دہلی میں ہندو مسلم فسادات کے ذمہ داران کے خلاف پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا اس کو دہلی ہائی کورٹ سے پنجاب ہریانہ ہائی کورٹ میں تبدیل کر دیا گیا اور یہ سب کچھ حکومت کی ایماء اور دباؤ پر کیا گیا جس کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ آزادی کا نعرہ جو پہلے صرف وادی کشمیر میں گھونجتا تھا مودی کی حماقتوں کی وجہ سے اس نعرے کی گونج اب بھارت کے ایک سو شہروں میں سنائی دے رہی ہے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے کشمیریوں کی زمین کے بڑے بڑے قطعات ہندوؤں میں تقسیم کر رہا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کشمیر کے حوالے سے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری یتیم نہیں ہیں کہ انہیں بھارت گھیر کر ختم کر دے گا۔ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کشمیر کے مسئلہ پر متحد اور ایک ہیں اور سیاسی معاملات میں اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں جس کا مظاہرہ یوم یکجہتی کشمیر کہ موقع پر قوم نے دیکھا اور اسی طرح پاکستان کی پارلیمان میں کشمیر کے حوالے سے جس بے مثال اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال بھی قومی تاریخ میں نہیں ملتی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری ظلم و ستم کرے اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا ہر گز نہیں چھوڑیں گے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی پارلیمان یونین سمیت تمام عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

سردار مسعود خان

مزید : پشاورصفحہ آخر