مہمند قوم نے امن کی بحالی میں قربانیاں دیں،بریگیڈئیر رؤف خان

مہمند قوم نے امن کی بحالی میں قربانیاں دیں،بریگیڈئیر رؤف خان

  



مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، مامد گٹ کیمپ کے مقام پر بریگیڈیئر رؤف خان کی سربراہی میں گرینڈ جرگہ۔ ایم پی اے نثار مہمنداور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ علاقے کے مختلف قبیلوں کے مشران، علمائے کرام اور صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ علاقے کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ گرینڈ جرگہ میں ایم پی اے نثار مہمند، سیاسی اتحاد کے صدر و امیر جے یو آئی مفتی محمد عارف حقانی، پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری سجاد خان مہمند اور علاقے کے سرکردہ مشران ملک نادر منان کوڈا خیل، ملک فیاض خان خویزئی، ملک صاحب داد و دیگرنے مسائل بیان کئے۔ جس میں تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ آبادکاری، کھاد لانے پر سے پابندی اُٹھانے، 3G 4G نیٹ کی بحالی، کیڈٹ کالج میں مقامی لوگوں کو بھرتی کرنے، پاک افغان تجارتی شاہراہ گورسل بارڈر کو تجارت کی غرض سے دوبارہ کھولنے اور بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے علاوہ دیگر مسائل شامل تھے۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر رؤف خان نے کہا کہ جرگے کا مقصد علاقے میں امن کی بحالی و آبادکاری کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور علاقے میں لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند قوم نے امن بحالی میں اہم کردار ادا کر کے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ اور اب وقت آگیا ہے کہ علاقے میں خوشحالی اور ترقی کیلئے مل جل کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز، پاک فوج، قبائلی مشران، سیاسی لوگ اور یہ نوجوانان ایک ہی قوم کے لوگ ہے ہمارا مقصد علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ مسائل حل کرنے کیلئے پاک فوج کے تمام ذمہ داران ہر وقت مقامی مشران سے جرگے کرینگے۔ اور جرگوں کے ذریعے ہی علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل حل کرینگے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر