الخدمت فاؤنڈیشن بے سہاروں کیلئے امید کی کرن ہے،لیاقت بلوچ

الخدمت فاؤنڈیشن بے سہاروں کیلئے امید کی کرن ہے،لیاقت بلوچ

  



لاہور(پ ر) نا ئب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ الخدمت فاوَنڈیشن ملک کے کروڑوں غریب وبے سہارا افراد کیلئے امید کی کرن ہے۔ لوگ اس وقت شدید معاشی مسائل میں تکلیف دو زندگی گزار رہے ہیں۔ بے روز گاری اور مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ ہزاروں نوجوان اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے نوکری کی تلاش میں سرگرداں ہیں اور یہی بے روز گار نوجوان معاشرے میں منفی سرگرمیوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے الخدمت فاوَنڈیشن کے زیر اہتمام بے روز گار نوجوان کو فری رکشہ دینے کی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرعبدالعزیز عابد صدر الخدمت فاوَنڈیشن لاہور اور احمد سلمان بلوچ امیر پی پی 160 سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب میں صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مسائل میں گرے پریشان اور تنگ افراد کیلئے الخدمت نے مواخات پروگرام کا آغاز کیا ہے جس میں نوجوانوں کو چھوٹے چھوٹے کاروبار کیلئے بلاسود قرض فراہم کیے جاتے ہیں۔ تقریب میں پی پی160 کے امیر احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ الخدمت فاوَنڈیشن بلاتفریق رنگ ونسل خدمت کے کام میں مصروف عمل ہے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو مواخات پروگرام کے ذریعے معاشرے کا انتہائی مفید فرد بنائیں گے۔

لیاقت بلوچ

مزید : پشاورصفحہ آخر