کرونا وائرس کی روک تھام،حفاظتی ماسک کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر،نیوز رپورٹر)پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ،محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کا218ویں اجلاس میں ادویات کے کل 57کیسز پر کارروائی کی گئی، 08کیسز ڈرگ کورٹس کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا،25کیسز میں معمولی جرم کے پیش نظرمتعلقہ ادویہ ساز کمپنیوں کو وارننگ،11پر کاروائی روک دی گئی اور03کیسزکو خارج کر دیا گیا۔ کل غورکردہ کیسز میں ریگولرنوعیت کے 50 ، نگرانی پیٹیشن کے 05اور نظرثانی پٹیشن کے 02کیس شامل تھے۔ اجلاس میں ری ٹیسٹنگ کی125اپیلوں پر بھی کارروائی کی گئی۔اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبران میں،چیف ڈرگز کنٹرولرپنجاب محمدمنور حیات، سیکرٹری PQCB جمیل انور، پروفیسر ڈاکٹر محمودا حمد، پروفیسر ڈاکٹرشہنازاختر، پروفیسر ڈاکٹرمنیزہ قیوم اور پروفیسر ڈاکٹرساجدبشیر شامل تھے۔دریں اثناء چیف ڈرگز کنٹرولر پنجاب ڈاکٹر محمد منور حیات نے فیلڈ افسران کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیلڈ افسران ادویات کے تمام پوائنٹ آف سیلز، امپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرزاور ریٹیلرز پوائنٹس پر کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے والی اشیاء جن میں سرجیکل ماسکN-95 کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ساتھ اس بات کی بھی یقین دہی کی جائے کہ یہ تمام آرٹیکلز منظورشدہ نرخ پر ہی فروخت کئے جائیں۔دوسری جانب چیف ڈرگز کنٹرولر آفس پنجاب نے بوگس کیٹیگری پر بنوائے گئے 05 میڈیکل سٹورز / فارمیسیز کے ڈرگ سیل لائسنس منسوخ کر دیئے اورذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کروانے کی ہدایات کیں۔بوگس ڈگری رکھنے والے ان افراد کے نام اکرام نور ولد لعل خان،محمداشفاق ولد احسان اللہ، محمد شہزاد ولد لعل خان،زوہیب احمدولد اورنگزیب اورندیم شعیب ولد محمدشعیب شامل ہیں۔