مفخر عدیل اور شہباز تتلہ میں 30کروڑ کی ملکیت کا جھگڑا تھا

مفخر عدیل اور شہباز تتلہ میں 30کروڑ کی ملکیت کا جھگڑا تھا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپو رٹر) ایس ایس پی مفخر عدیل اورسابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل شہباز تتلہ کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں کے درمیان منشیات کی فروخت سے حاصل 30کروڑ روپے کی ملکیت کا جھگڑا چل رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی مفخر عدیل کی تیسری بیگم علیزہ جیل روڈ پر ایک معروف کالج کی لیکچرار تھی جو انکی اکیڈیمی میں پڑھانے کے لئے آئی اور چند دن بعد انکی پارٹی گرل بن گئی تاہم بعدازاں مفخر عدیل نے علیزہ سے شادی رچا لی۔ مشترکہ دوست کی جانب سے پولیس کو فراہم کی گئی معلومات کے مطابق شہباز تتلہ اسکے نارووال سے ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی دوست، مفخر عدیل اور دو دیگر ساتھی ملکر مبینہ طور پرانٹرنیشنل ڈرگ ڈیلرز سے آئس کی بڑی مقدار منگوا کر فروخت کرتے تھے جس کی بدولت انہوں نے کلمہ چوک کے پاس ایک پلازہ بھی خریدا ہوا تھا جہاں شہباز تتلہ کا بھی دفتر ہے۔ اس گروپ نے ڈی ایچ اے میں سندھی دوست میمن کی کوٹھی پربھی قبضہ کر رکھا تھا۔ایس ایس پی اور دیگر افراد اپنے مذموم کاروبار کو تحفظ دینے کے لئے پولیس و دیگر محکموں کے اعلیٰ افسروں اور سیاسی شخصیات کو بھی اپنی رنگین پارٹیوں میں مدعو کرتے تھے۔ شہباز تتلہ اور مفخر عدیل کے درمیان آئس کے کاروبار سے حاصل 30کروڑروپے کی خطیر رقم کا تنازعہ چل رہا تھا جو شدت اختیار کر گیا۔ وقوعہ کے روز مفخر عدیل، علیزہ،شہباز تتلہ اوراسد بھٹی نے فیصل ٹاون گھر میں بیٹھ کرمنشیات استعمال کیں اسی دوران شہباز تتلہ نے علیزہ کے بارے غلط الفاظ استعمال کئے جس پر نشے میں ٹن شہباز تتلہ کے منہ پر تکیہ رکھ کر اسے قتل کردیا گیا،تب سب گھبرا کرواپس چلے گئے تاہم ایس ایس پی مفخر عدیل نے پنجاب کانسٹیبلری میں اپنے خاص ماتحت کو عیاشی کے اڈے فیصل ٹاون کوٹھی بلا یا اور اسے نعش ٹھکانے لگانے بارے پوچھا جس نے 100بچوں کے قاتل جاوید اقبال کے طریقہ کار کو اپنانے کا کہا۔تب دو دن تک نعش کو تیزاب میں ڈال کر نام و نشان ختم کر دیاگیا۔ اس معاملے میں ایس ایس پی کے ڈرائیور اور گن مینوں نے بھی نوکری بچانے کے لئے افسر کے حکم کی تعمیل کی۔ بتایا گیا ہے کہ علاقے کے لوگوں نے تعفن اٹھنے پر شور مچایاتو ایس ایس پی نے لائن افسر کو کال کر کے پلمبر، دیگر سٹاف اور پانی کی ٹینکی منگو اکر صفائی کروائی۔ تفتیشی ٹیم نے مفخر کے ہیڈ کانسٹیبل عامر، ڈرائیور اور گن مینوں کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش کی تو کئی راز کھلے۔ انسپکٹر ملک مبشر اعوان و دیگر کو شامل تفتیش کیا گیاتاہم لائن افسر نے ایس ایس پی کی کال ریکارڈ کر رکھی تھی جو افسروں کو سنا کر اپنی جان بچائی۔تفتیش ٹیم نے اسد بھٹی کے علاوہ مفخر عدیل کی دوسری اور تیسری بیوی کو بھی حراست میں لیا تاہم دوسری بیوی کو بعد ازاں باعزت گھر بھجوا دیا جبکہ علیزہ اسکے بھائی اور کزن کے علاوہ دیگر متعلقہ افراد سے بھی سی آئی اے سٹی اور ماڈل ٹاؤن میں پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔
رقم تنازع

مزید :

صفحہ آخر -