سٹاک مارکیٹ، کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سرمایہ کاروں کو 30ارب کا نقصان، ڈالر مہنگا سونا سستا

  سٹاک مارکیٹ، کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سرمایہ کاروں کو 30ارب کا نقصان، ...

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پر مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس38ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے مزید103.70پوائنٹس کمی سے 37983.62 پوائنٹس کی سطح پر آگیا،جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 29ارب90کروڑ14لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر358کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے173کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ161 میں کمی جبکہ24 میں استحکام رہا۔دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 24پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید154.21روپے سے بڑھ کر154.45روپے اورقیمت فروخت154.31روپے سے بڑھ کر154.55روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید154روپے سے بڑھ کر154.10روپے اورقیمت فروخت154.30روپے سے بڑھ کر154.40روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں 18ڈالرکی نمایاں کمی سے سونے کی فی اونس قیمت گھٹ کر1627ڈالرہوگئی جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونامزید700روپے سستا ہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 93750روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 600روپے کمی سے گھٹ کر80376روپے ہوگئی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید : صفحہ آخر