کرونا وائرس امریکہ، نائجیریا اور بیلا روس میں بھی پہنچ گیا، پاکستان میں دونوں کرونا مریضوں کی طبیعت بہتر، ایران سے آنیوالے 600 زائرین کی سکریننگ مکمل

کرونا وائرس امریکہ، نائجیریا اور بیلا روس میں بھی پہنچ گیا، پاکستان میں ...

  



واشنگٹن،بیجنگ/ووہان/تہران/سیول/ابوجا /منسک/ٹوکیو/جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مریکی ریاست کیلی فورنیا میں کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا کے گورنرنے کہاکہ33 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، ان میں پانچ افراد ریاست سے جاچکے ہیں، جبکہ مختلف کمرشل پروازوں سے آنے والے 8400 افراد کی مانیٹرنگ جاری ہے۔۔کورونا وائرس کے خوف کے سبب امریکی اسٹاک مارکیٹ 9 سال کی بدترین سطح پر گر گئی، ایس اینڈ پی فائیو ہنڈرڈ 4 اعشاریہ 4 فیصد گر گیا دوسری طرف نائیجیریا اوربیلا روس میں بھی نوول کرونا وائرس کا پہلا ایک ایک ریض سا منے آ گیا جبکہ چین میں کرونا وائرس کے باعث مزید 44افراد ہلاک اور 327نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2788اور متاثرہ افراد کی تعداد 78ہزار 824ہو گئی جن میں سے7ہزار952 افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے،ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد34 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد388 ہے،،جمہوریہ کوریا میں کرونا وائرس کے مزید256 مصدقہ کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کل مریضوں کی تعداد 2ہزار 22 ہو گئی،چین کے سفارتخانہ نے جنوبی شہر ڈائیگو کو 25 ہزار طبی ماسکس کا عطیہ دیا ہے،ادھر جاپان میں اسکول بند کر کے دوران طلبہ کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے،سوئٹزرلینڈ نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15ہونے کے بعد ملک میں سرکاری اور نجی پروگراموں پر پابندی لگا دی گئی۔۔نائیجیریا میں نوول کرونا وائرس کا پہلا مریض سا منے آ گیا ہے۔لاگوس کی ریاستی حکومت نے جمعہ کو مریض کی تصدیق کی۔ریاست لاگوس کے کمشنر برائے صحت اکین ابایومی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ایک اطالوی شہری میلان سے مختصر کاروباری دورے پر منگل کو نائیجیریا میں داخل ہوا اور اس سے اگلے روز بیمار ہوگیا۔۔بیلا روس کی وزارت صحت نے جمعہ کو ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔قومی تحقیقی ادارہ برائے وبائی امراض اور خردبینی حیاتیات نے کہا ہے کہ جمعرات کو ایک شخص کا کووڈ19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے متاثرہ شخص ایرانی طالبعلم ہے جو 22 فروری کو ایک فلائٹ کے ذریعے آزربائیجان کے دارالحکومت باکوسے بیلاروس پہنچا تھا۔جمہوریہ کوریا میں جمعہ کے روز نوول کرونا وائرس کے مزید256 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کل مریضوں کی تعداد 2ہزار 22 ہو گئی ہے۔مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے تک ہلاکتوں کی تعداد 13 رہی۔کوریا کا بیماری پر قابو پانے اور روکنے کا مرکز (کے سی ڈی سی)دن میں 2 بار مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجے اور شام 5 بجے اعدادوشمار اپ دیٹ کرتا ہے۔نئے مریضوں میں سے 182 ڈائیگو کے رہائشی ہیں جو کہ دارالحکومت سیول سے جنوب مشرق میں 300 کلومیٹر دور واقع ہے جبکہ 49 مریض اس کے نواح میں واقع صوبہ شمالی گیونسانگ سے آئے۔ڈائیگو اور صوبہ شمالی گیونسانگ میں مریضوں کی تعداد بالترتیب 1ہزار 314 اور 394 ہو گئی ہے۔ادھر جاپان کے وزیر تعلیم کوئی چی ہاگیودا نے جمعہ کو تمام طلبہ سے درخواست کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور اسکول نہ جائیں جو کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بند کئے گئے ہیں۔ہاگیودانے متعلقہ وزارتوں اور ایجنسی سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے تاکہ طلبہ اور شاگرد اصولی طور پر گھر وں میں رہیں اور بہت زیادہ ضرورت کے وقت ہی گھروں سے نکلیں۔وزیرتعلیم نے کہاکہ حکومت نے یہ فیصلہ اس لئے کیا کیونکہ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ اسکولوں میں گروپ انفیکشن کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔دوسری جانب سوئٹزرلینڈ نے جمعہ کے روز ملک میں سرکاری اور نجی پروگراموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ فیڈرل کونسل کے ایک بیان کے مطابق پابندی جس کی سوئس فیڈرل کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں منظوری دی گئی تھی فوری طور پر نافذ العمل ہے اور یہ 15 مارچ تک لاگو ہوگی۔ فیڈرل کونسلر ایلین بارسیٹ نے بتایا کہ جمعہ کی صبح تک کوویڈ 19 کے 15 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

کرونا، ہلاکتیں

کوئٹہ،کراچی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفرمرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دونوں مریضوں کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔ ڈاکٹرظفرمرزا نے ٹوئٹرپرکہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے شکاردونوں مریض کی حالت میں استحکام اوربہتری آرہی ہے جب کہ مریضوں سے منسلک اب تک جتنے بھی لوگوں کے ٹیسٹ لیے گئے وہ بھی منفی آئے ہیں۔دوسری جانب کورونا وائرس چین کے بعد دوسرے ملکوں میں بھی تیزی سے پھیلنے لگا ہے جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو وبا قرار دینے پر غوربھی شروع کردیا۔سندھ حکومت نے ایران سے واپس آنیوالے چھ سو سے زائد زائرین کی سکریننگ کر لی ہے، کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا۔ مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ شہری خوف کا شکار نہ ہوں، تعلیمی ادارے پیر سے کھو ل دئیے جائینگے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کرونا وائرس کے متاثرہ مریض کی فیملی اور دیگر 28 افراد کو ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ تاہم مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے گئے چار سو افراد اب بھی ایران میں ہیں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ماسک ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کاروائی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر ملک کے معروف معالج ڈاکٹر عبدالباری نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ہر فرد کو ماسک پہننے کی ضروررت نہیں ہے۔ادھر سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سکریننگ کے نتائج کی بنیاد پر دومارچ سے تعلیمی ادارے کھول دئیے جائینگے۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچا کے لیے آئسولیشن وارڈز کے قیام کے لئے 200 ملین روپے جاری کردیے ہیں۔کوئٹہ میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے علاقے تفتان میں کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اقدامات کے جائزہ لیا گیا۔دونوں اہم شخصیات نے بلوچستان کے علاقے تفتان میں طبی اور انتظامی امور کے مراتب کے قیام کا فیصلہ بھی کیا۔ وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے آئسولیشن وارڈز کے قیام کے لئے 200 ملین روپے جاری کردیے ہیں۔کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کر دی، ملازمین کو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے حاضری سے روک دیا۔ضلعی انتظامیہ کی ایڈوائزری میں شہریوں کو پر ہجوم جگہوں اور محافل میں ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ کھانسی، زکام والے شخص سے شہری 2 میٹر کے فاصلے پر رہیں، دفاتر میں کمپیوٹر استعمال کرنے والے افراد دستانے استعمال کریں، کرونا وائرس سانس اور کھانسی کے ذریعے پھیل سکتا ہے۔ جبکہ پی آئی اے نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے سفر پر 15 مارچ تک پابندی عائد کر دی۔ پی آئی اے کے سرکولر کے مطابق پی آئی اے پاکستان سے سعودیہ جانے والے صرف اقامہ ہولڈرز رہائشی اور مستقل ویزا رکھنے والوں کو سفری سہولیات فراہم کرے گی تاہم عمرہ اور وزٹ ویزا والے پی آئی اے سے سفر نہیں کر سکیں گے۔ سرکولر کے مطابق بزنس ویزا رکھنے والے پاکستانی دمام اور ریاض کے لیے پی آئی اے سے سفر کر سکیں گے، پشاور سے جدہ براستہ کراچی جانے والے مسافروں کو اپنے ملک میں ہی روکا جائے گا، اندرون ملک میں ہی روکے جانے والے مسافروں کو ایئر لائن قوانین کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی

کرونا /انتظامات

مزید : صفحہ اول