بڑے بجلی چوروں،منافع خوروں کو پکڑا جائے، سیاسی نقصان برداشت کر سکتے ہیں، غریب کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: عمران خان

        بڑے بجلی چوروں،منافع خوروں کو پکڑا جائے، سیاسی نقصان برداشت کر سکتے ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سیاسی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر غریب کا تحفظ کریں، سیاسی طور پر نقصان برداشت کر سکتے ہیں، مگر غریب کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں، آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلئے اہم فیصلے کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں توانائی کے شعبہ میں عوامی ریلیف کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بجلی چوری روکنے اور قیمتیں کم کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابق دور میں بجلی چوروں سے رعایت برتی گئی تاہم موجودہ حکومت نے چند ہزار روپے بل دینے والے بجلی چوروں سے کروڑوں ریکور کئے جبکہ کریک ڈاؤن کرکے ہزاروں افراد کیخلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔بریفنگ میں کہا گیا کہ توانائی کے شعبہ میں 251 ارب کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ 300 سے کم یونٹ استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے 162 ارب جبکہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے ساڑھے 8 ارب رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام کیلئے 18 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے وزیر توانائی کو بڑے بجلی چوروں کو پکڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام بجلی چوری کا بوجھ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ بڑے بجلی چوروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے۔ بڑے بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالیں گے تو بجلی سستی ہوگی۔ یقینی بنائیں کہ بجلی چوری کا بوجھ غریب عوام پر نہ پڑے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی نقصان برداشت لیکن غریب کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلئے اہم فیصلے کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کا مقصد کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ یقینی بنایا جائے کہ سبسڈی کی رقم متعلقہ مقصد کیلئے فائدہ مند ثابت ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ اداروں کی کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ناجائز منافع خوری والے عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے۔ مافیا کیخلاف ایکشن سے عوام کو استحصال سے بچایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی کامیابی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے موجودہ مالی سال منی بجٹ سے محفوظ رکھنا اہم کامیابی قرار دیا۔وزیراعظم عمران خان نے وزیر قانون فروغ نسیم کو لوٹی دولت واپس لانے کا ٹاسک سونپ دیا، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک دولت کا پتا لگایا جائے اور رقم کی واپسی کا طریقہ کار وضع کیا جائے، کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران سے وزیرقانون فروغ نسیم نے ملاقات کی۔جس میں لوٹی دولت کی واپسی کیلئے اہم قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے فروغ نسیم کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ محنت کررہے ہیں آپ کیساتھ کھڑا ہوں۔ میرے ساتھ پوری کابینہ بھی آپ کے ساتھ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بطوروزیرقانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کرسراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوٹی دولت ہر حال میں پاکستان واپس لائی جائے۔کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ لوٹی دولت کی واپسی کے راستے میں جتنی بھی قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ ان کو فوری دور کیا جائے۔ وزیراعظم نے فروغ نسیم کو ہدایت کی کہ بیرون ملک دولت کا پتا لگایا جائے اور رقم کی واپسی کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے معاشی اعشاریوں میں بہتری پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی کو میسر آئیں، ماضی کی حکومتوں کی بد انتظامی کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے،حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ عوام اور خصوصاً کم آمدنی والے، تنخواہ دار اور کمزور طبقے کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بنک سید رضا باقر و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیرِ اعظم کو معاشی اعشاریوں بشمول کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ، بیرون ملک سے ترسیلات زر اور مہنگائی کی شرح کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر معاشی اعشاریوں میں بہتری کا رجحان ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ہفتہ وار ایس پی آئی میں بھی کمی کا رجحان سامنے آیا ہے اور اس میں مزید کمی کی توقع ہے۔ وزیرِ اعظم نے معاشی اعشاریوں میں بہتری پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی کو میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی بد انتظامی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ عوام اور خصوصاً کم آمدنی والے، تنخواہ دار اور کمزور طبقے کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ معیشت کے استحکام اور معاشی اعشاریوں میں بہتری سے متعلق عوام کو آگاہ رکھا جائے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔وزیراعظم عمران خان نے ہے کہ عالمی برادری مودی کے مظالم اور نسل پرستی کو روکنے کے لئے اقدامات کرے،مسلمانوں پر بدترین تشدد اور انہیں ہلاک کیا جا رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے تصاویر آ رہی ہیں جہاں پر مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں سمیت دیگر بزنس کو جلایا جا رہا ہے۔ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ مسلمانوں پر بدترین تشدد اور انہیں ہلاک کیا جا رہا ہے، قبرستانوں کو جلایا جا رہا ہے، یہ بالکل ایسی ہی کارروائیاں ہیں جو جرمن نازی یہودیوں کیخلاف کیا کرتے تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے مظالم اور نسل پرستی کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں بار بار دنیا کو آگاہ کرتا رہا ہوں کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کا نظریہ جرمن نازیوں جیسا ہے، ہٹلر نے 1930 کے دوران یہودیوں کو جس طرح نشانہ بنایا مودی اسی طرح مسلمانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2002 کے دوران نریندرا مودی جب گجرات کے وزیراعلی تھے تو انہوں نے فسادات کے دوران مسلمانوں کو شہید کروایا تھا۔ اب ہم اسی طرح کی ایک اور تصویر ہم نئی دہلی میں دیکھ رہے ہیں

عمران خان

مزید : صفحہ اول