حفاظتی ماسک کی قیمت میں بلا جواز اضافہ ہونے نہیں دینگے: عثمان بزدار

حفاظتی ماسک کی قیمت میں بلا جواز اضافہ ہونے نہیں دینگے: عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حفاظتی ماسک کی قلت اور قیمتوں میں بلاجواز اضافے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے حفاظتی ماسک کی دستیابی مقررقیمت پر یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حفاظتی ماسک کی قلت دور کرنے کے ساتھ مقرر قیمت پر عوام کو فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ کسی کو حفاظتی ماسک کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ حفاظتی ماسک کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے اور فیلڈ میں نکل کر صورتحال کا خود جائزہ لے جبکہ حفاظتی ماسک کی مزید خریداری کیلئے بھی فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کی دقت نہیں ہونی چاہئے اور عوام کے مفاد میں ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جناح ہسپتال میں واش روم میں بچے کی پیدائش کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واش روم میں بچے کی پیدائش افسوسناک امر ہے۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے اورغفلت کے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھارت کے شہر دہلی میں مسلم کش فسادات کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دہلی میں مسلمانوں کے گھروں اور مساجد پر حملوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو غنڈوں نے ریاستی دہشت گردی کی آڑ میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار ذہن نشین کر لے کہ تشدد اور جبر کے ذریعے حق کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عالمی برادری نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول