پلاسٹک بیگز استعمال کرنیوالے ڈیپارٹمنٹل سٹورز، بیکریوں کو سربمہر کرنے کا حکم جاری

  پلاسٹک بیگز استعمال کرنیوالے ڈیپارٹمنٹل سٹورز، بیکریوں کو سربمہر کرنے کا ...

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز استعمال کرنے والے ڈیپارٹمنٹل سٹور زاوربیکریوں کو سربمہر کرنے کا حکم دے دیا۔فاضل جج نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی اورمشروبات فروخت کرنے والی کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔مسٹر جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ڈیپارٹمنٹل سٹورز مالکان نے پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا،عدالتی حکم کے باوجود پلاسٹگ بیگز کا استعمال جاری ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے،پنجاب حکومت کے وکیل نے بھی ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی جانب سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا جس پر جسٹس شاہد کریم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ جو ڈیپارٹمنٹل سٹور اوربڑی بیکریاں پلاسٹک بیگز استعمال کر رہے ہیں ان کو سیل کر دیں،اگر ان کوخود خیال نہیں ہے تو انہیں کاروبار سے نکال دیا جائے، عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لئے 7 روز سے زیادہ کاوقت نہ دیں،عدالت نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے قراردیا کہ ساری دنیا میں پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی بیچنا ترک کیا جاچکا ہے، پوری دنیا میں اب پانی شیشے کو بوتلوں میں بیچا جا رہا ہے،پلاسٹک بوتلوں میں پانی بیچنے والے یونٹس ماحولیاتی آلودگی کے سب سے بڑے جرم دار ہیں،اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس کی طرف بھی جائیں گے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جب تک ہم یہ رویہ تبدیل خود نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہو گا،جس کے بعدعدالت نے مذکورہ ہدایات جاری کرتے ہوئے 6مارچ کو عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔

پلاسٹک بیگز

مزید : صفحہ اول