سعودی عرب کو پاکستانی بر آمدات میں 55فیصد اضافہ
اسلام آباد (اے پی پی) سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 54.84 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے اس حوالہ سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی2019ء سے لیکر جنوری 2020ء تک سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات کا حجم 278.96 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 54.84 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی7 ماہ میں سعودی عرب کو 180.16 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔جنوری2020ء میں سعودی عرب کو برآمدات سے ملک کو35.75 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ سال جنوری میں سعودی عرب کو 28.77 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ مالی سال 2018-19ء کے دوران سعودی عرب کو مجموعی طورپر329.15 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی تھیں۔ برآمدات کی نسبت جاری مالی سال میں سعودی عرب سے درآمدات میں 112.47 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ء سے لیکر جنوری 2020ء تک سعودی عرب سے 893.19 ملین ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 1.791 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔جنوری میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 146.41 ملین ڈالر رہا، گزشتہ سال جنوری میں سعودی عرب سے 183.72 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ مالی سال 2018-19ء کے دوران سعودی سے درآمدات کا مجموعی حجم 2.98 ارب ڈالر رہاتھا۔